سپیکر آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کے قافلے پر فائرنگ، 2 زخمی، حالات کشیدہ

Jan 26, 2025 | 17:53:PM

(سفیر رضا) آزاد جموں کشمیر  کی سپیکر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر کے قافلہ پر فائرنگ، دو افراد زخمی ہوگئے، فائرنگ  کے بعد حالات کشیدہ ہو گئے۔پولیس اور مسلم کانفرنس کے کارکنوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ۔ صدر اور وزیر اعظم کی حملے میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحتیابی کی دعا۔

تفصیلات کے مطابق سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر یونین کونسل چڑکپورہ میں پیپلزپارٹی کے شمولتی پروگرام میں شرکت کے لئے جا رہے تھے کہ راستے میں انکے قافلے پر فائرنگ کی گئی ۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد  حالات کشیدہ ہو گئے۔ اے سی رورل حماد بشیر کا کہنا ہے کہ حالات کنٹرول کرنے کے لئے جانے والی پولیس اور مسلم کانفرنس کارکنوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،انتظامیہ حالات کنٹرول کرنے کے لئیے اقدامات کر رہی ہے، چند لوگ ہیں جنہوں نے پہلے سپیکر اسمبلی کے قافلے پر فائرنگ اور پتھراؤ کیا،  پیپلز پارٹی کا ایک کارکن گولی لگنے اور ایک پتھر لگنے سے زخمی ہوا ہے،فائرنگ کرنےوالے افراد کی گرفتاری کے لئیے متحرک ہیں۔حملہ آوروں نے  پولیس پر بھی فائرنگ شروع کر دی ، فی الحال کوئی نقصان نہیں ہوا۔

سپیکر اسمبلی کے پی آر اور کے مطابق چودھری لطیف اکبر شمولیت پروگرام میں شرکت کیلئے ککلیوٹ پہنچ گئے ہیں  اور مخالف سیاسی جماعت سے سیکڑوں افراد  پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے،  پی آر اور چوہدری مراد  نے مزید کہا ہے ہم اپنے شیڈول کے مطابق چل رہے ہیں شمولیت پروگرام کچھ ہی دیر میں شروع ہو گا۔

صدر آصف علی زرداری اور  وزیر اعظم محمد شہباز شریف  آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر کے قافلے پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئےحملے میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔ وزیراعظم نے حملہ آوروں کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت  کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عدت نکاح کیس بریت کے خلاف خاور مانیکا کی اپیل پر سماعت پیر کو ہوگی  
 

 

مزیدخبریں