(24نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دو ممبران پانچ سالہ مدت پوری کرنے کے بعد گزشتہ روز ریٹائر ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن ممبر خیبر پختونخوا ارشاد قیصر اورممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی ریٹائر ہوئے،ریٹائر ہونے والے دونوں ممبران کے لیے الیکشن کمیشن میں آج الوداعی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔حکومت اور اپوزیشن کے مابین سردمہری، نئےممبران کی تقرری کے لیے حکومت و اپوزیشن میں مشاورت کا آغاز نہ ہو سکا۔
خیال رہے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق رائے نہ ہونے کی صورت میں معاملہ 12 رکنی پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا،ممبران کی تعیناتی کے لیے وزیراعظم اور قائد حزب اختلاف تین تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجواتے ہیں،وزیراعظم عمران خان نے سینئر وفاقی وزرا کو موزوں نام تلاش کرنے کا ٹاسک سونپ رکھا ہے۔
نئے ممبران کےلئے ہائی کورٹ کے سابق ججز، ریٹائرڈ بیوروکریٹس یا ٹیکنوکریٹس میں سے انتخاب کیا جائے گا،آئین کے تحت حکومت نے 45 دن کے اندر نئے ممبران کی تعیناتی کرنا ہوتی ہے،الیکشن کمیشن 2 ریٹائرڈ ممبران کا عہدہ پُر کرنے کے لیے وزارت پارلیمانی امور کو 2 خطوط لکھ چکا ہے۔الیکشن کمیشن نے وفاقی حکومت کو دوممبران کی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے آگاہ کیا تھاموجودہ حکومت میں اس سے قبل بھی الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تعیناتی کا معاملہ ایک سال تک لٹکا رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: باپ کے ظلم سے تنگ آ کر 20سالہ لڑکی عدالت پہنچ گئی