(24 نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف فوجی نرسریوں سے نکلا ہے اور اسی فوج کے خلاف بدزبانی کرتا ہے جب کہ ساری زندگی بھی لگے رہیں تو یہ لوگ اقتدار کا منہ نہیں دیکھ سکیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پی ٹی آئی کشمیر میں تنہا حکومت بنانے جا رہی ہے اور میں نے پہلے کہہ دیا تھا کہ یہ کشمیر الیکشن پر رونا پیٹنا ڈالیں گے، کشمیر الیکشن سے متعلق جو کہا وہی ہوا،2023 میں بھی عمران خان کی حکومت بنے گی اور اگلے انتخابات میں سندھ میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی، پیپلزپارٹی نے بڑا پیسہ خرچ کرکے دو تین سیٹوں کا اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف فوجی نرسریوں سے نکلا ہے اور اسی فوج کے خلاف بدزبانی کرتا ہے جب کہ ساری زندگی بھی لگے رہیں تو یہ لوگ اقتدار کا منہ نہیں دیکھ سکیں گے، غیر ذمہ دارانہ زبان ختم کرنے تک ان کا کوئی مستقبل نہیں، نوازشریف کا ایک ہی ایجنڈا ہے، اینٹی آرمی، اینٹی اسٹیبلشمنٹ اور اینٹی عمران خان، ہم ان کی مدد کرنے کو تیار ہیں، چارٹرڈ جہاز دینے کو تیار ہیں، وہاں بیٹھ کر اینٹی اسٹیٹ اور اینٹی عمران خان تقریریں نا کریں، نوازشریف مودی کے ساتھ پگڑی بدل سکتے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہزاروں کی تعداد میں غیر ملکی غیرقانونی طور پر رہ رہے ہیں، پاکستان میں سالہاسال سے ویزہ تجدید کے بغیر رہنے والوں کو 14 اگست تک کا ٹائم دے رہا ہوں لہٰذا جو غیرملکی بغیر ویزا تجدید کے پاکستان میں ہیں وہ 14 اگست تک پاکستان چھوڑ دیں، اگر یہ ویزے کے لیے اپلائی کریں تو فیس معاف کرنے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ جو انتخابات کے دوران 840 کارڈ ریلیز کروائے انہیں مسترد کرنے کا اعلان کرتا ہوں، 7 سال میں جتنے جعلی شناختی کارڈ بنے ہیں، 39 آدمی کراچی سے نکالے ہیں، جو پیسے لے کر شناختی کارڈ بناتے رہے ہیں انہیں نکالیں گے، نادرا کو متنازع کرنے کیلئے ایک سوشل میڈیا کمپنی استعمال کی جارہی ہے، نادرا کے ایم ڈی کو کہا ہے کہ 14 دن میں نیا تصدیق کا سسٹم لائیں۔
شیخ رشید نے بتایا کہ پاکستان کے خلاف انڈیا اور اسرائیل نے ہائبرڈ وار شروع کی ہوئی ہے جب کہ افغان پالیسی پر فیصلہ فارن آفس نے کرنا ہے، ہماری سول آرمڈ فورسز بارڈر پر لگی ہوئی ہیں، ایرانی بارڈر کی فینسنگ 50 فیصد ہوگئی ہے، افغان فوج کے 46 بشمول 5 آفیسر آئے ہیں، انہیں باعزت واپس کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نورمقدم قتل کیس کے ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے گا، ملزم کے والد اور ملازمین کو بھی گرفتار کیا ہے، ملزمان کو بلیک لسٹ کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی آزادکشمیر الیکشن میں جیت پر پی ٹی آئی امیدواروں کو مبارکباد