اہم لیگی رہنما شہباز حکومت کیخلاف کھل کر سامنے آگئے

Jul 26, 2022 | 09:57:AM

 (ویب ڈیسک) مسلم لیگ نون کے رہنما چودھری شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے کہنا چاہتا ہوں شہباز شریف! رزلٹ نہیں آ رہا۔ چالیس رکنی کابینہ بنائی گئی مگر حمزہ نے فیصل آباد کو نمائندگی نہیں دی، اب ہمیں وزارت دی تو انکار کر دیں گے۔

چوک گھنٹہ گھر میں پاکستان بچاؤ ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی سے پوچھتا ہوں کہ ایوان میں گالیاں دینے والوں کے استعفے کیوں نہیں منظور کر رہے، میں اتحادی جماعتوں سے پوچھتا ہوں کہ کیا مریم نواز کسی کی بیٹی اور ماں نہیں ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:مفتاح اسماعیل نے عوام کو خوشخبر ی سنا دی

چودھری شیر علی نے کہا کہ میں اپنے وزیر داخلہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ پہلے بہت دعوے کرتے تھے اب کیا ہوگیا، اب ہمارے وزیر داخلہ کہتے ہیں کہ مجھے اجازت نہیں کسی کو پکڑنے کی، اگر اجازت نہیں ہے تو چھوڑ دو اقتدار کو اور وزارت اعلیٰ کو۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کی پالیسیوں سے مطئن نہیں ہیں، ہمیں آپ کی پالیسیوں پر تحفظات ہیں، میں اپنے قائدین سے اپیل کرتا ہوں کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں، اگر مریم نواز جیل جاسکتی ہیں تو پھر علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کو بھی جیلوں میں جانا چاہئے۔

چودھری شیر علی نے کہا کہ میان نواز شریف واپس آئیں، کیسز کو ہم دیکھ لیں گے، شہباز شریف اب موقع نہیں کہ تمہارے ساتھ شکوہ کروں، گزشتہ چھ ماہ سے ملک میں فلم چل رہی ہے، سازش ہمارے ساتھ ہوئی ہے جو عمران کا بیانیہ ہمارے سر پر لاد دیا۔

 انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کیسے وزیراعظم ہیں جو روز بڑھکیں مار رہے ہیں، ہم اس حکومت سے مطمئن نہیں، مسلم لیگ نواز کا اس حکومت کو قبول کرنا ایک غلط فیصلہ تھا جس کا خمیازہ ہمیں ضمنی انتخابات میں بھگتنا پڑا۔

 ریلی کے شرکا سے عابد شیر علی اور ایم پی اے طاہر جمیل نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں