(24نیوز)سپریم کورٹ نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کردی۔ دو رکنی بینچ نے ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل نمٹادی.
جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ہائیکورٹ فیصلے کیخلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل نمٹادی، چئیرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ ٹرائل پر اسٹے آرڈر کی استدعا مسترد کردی گئی.
سپریم کورٹ کا کہنا تھا کہ ٹرائل کورٹ کی کارروائی میں مداخلت کرنامناسب نہیں ہوگی، ہائیکورٹ کو کہہ رہے ہیں آپ کی اپیل اورتمام درخواستوں کاایک ساتھ فیصلہ کرے۔
وکیل الیکشن کمیشن امجد پرویز نے کہا کہ ہائیکورٹ نے کیس ٹرائل کورٹ کو دوبارہ بھیجا تھا، ٹرائل کورٹ دوبارہ سماعت کرکے کیس قابل سماعت قرار دے چکی، چیئرمین پی ٹی آئی دوبارہ قابل سماعت ہونے کو بھی چیلنج کرچکے۔ ہائیکورٹ میں ان کی دوبارہ اپیل کل سماعت کیلئے مقرر ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ ہماری گزارش کچھ اور ہیں، کیس کسی اور جج کو منتقل کرنے کی درخواست دی تھی۔ہم نے عدالت کے دائرہ اختیار کو بھی چیلنج کیا تھا۔ ہائیکورٹ نے ہماری ان 2 درخواستوں پر فیصلہ نہیں کیا۔
ضرور پڑھیں:بجلی کی بندش،ناسا کا خلائی اسٹیشن سے رابطہ ٹوٹ گیا
جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ دائرہ اختیار والا معاملہ تو پہلے طے ہونا چاہئے تھا۔ ہائیکورٹ سے گزارش کریں گے سب درخواستوں پر ایک ساتھ فیصلہ کرے۔
دوسری جانب توشہ خانہ فوجداری کیس کے قابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران کمرہ عدالت کے باہر شور شرابے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔جسٹس یحیی آفریدی نے ریمارکس دیے کہ خواجہ حارث آپ باہر جاکر معاملات دیکھیں، ہم ایسے مقدمے کو نہیں سن سکتے۔ عدالت کی عزت و احترام سب پرلازم ہے۔