(24 نیوز) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 منظور کرلیا گیاہے۔
سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت منعقدہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 پیش کیا گیا، پارلیمنٹ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2023 کثرت رائے سے منظور کیا جبکہ ترمیمی بل کی منظوری شق وار دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: استحکام پاکستان پارٹی قومی سیاست کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا، فردوس عاشق کی کپتان پر شدید تنقید
الیکشن ایکٹ 2023 میں 54 ترامیم کو شامل کیا گیا اور شق 230 میں بھی ترمیم مجوزہ بل کاحصہ ہے، بل میں الیکشن ایکٹ کی شق 230 کی سب کلاز 2 اے میں ترمیم شامل ہے جس کے تحت نگران حکومت کو اضافی اختیارات حاصل ہوں گے، ترمیم کے تحت نگران حکومت کو ملکی معیشت کے لیے ضروری فیصلوں کا اختیار ہوگا اور نگران حکومت بین الااقوامی اداروں اور غیرملکی معاہدوں کی مجاز ہوگی۔
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں انتخابی اصلاحات کے بل سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگوں کو شق 230 کو لانے پر اعتراض تھا، یہ غلط فہمی تھی کہ اس شق کے ذریعے نگران حکومت کو اختیارات دینے کا مقصد اس کو طویل مدت تک چلانا ہے، انہوں نے کہا کہ آج ورلڈ بینک کے نمائندے میرے پاس آئے جن کو تشویش تھی کہ موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے کے بعد مختلف ترقیاتی منصوبوں کے معاہدوں پر عمل درآمد کیسے ہوگا ؟
انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک کے نمائندوں کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ کمیٹی کی جانب سے ایک ایسا راستہ نکالا جائے جس سے ان معاہدوں کا تسلسل چلتا رہے۔