کراچی : بگٹی قبیلے کے دوگروپوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 5افراد جاں بحق،2 زخمی

Jul 26, 2024 | 10:36:AM

 (ویب ڈیسک ) کراچی میں بگٹی قبیلے کے دو گروپوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق افسوس ناک واقعہ ڈیفنس کے علاقے خیابان نشاط میں پیش آیا جہاں دوگروپوں کے درمیان تصادم پانچ افراد کی جان لے گیا جبکہ دوزخمی ہوئے ۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت میر میثم بگٹی، میر عیسیٰ بگٹی،علی، فہد بگٹی اور نصیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق میرعلی حیدر بگٹی اور قائم علی کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔پولیس سرجن کے مطابق تمام لاشوں کا پوسٹمارٹم مکمل کرلیا گیا ہے جن میں دوجناح اور تین کا پوسٹمارٹم سول ہسپتال میں کیاگیا ، زخمی ہونے والے 2 افراد سٹیڈیم روڈ پر قائم نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کا کہنا ہے کہ واقعہ  دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ ہے۔وزیر داخلہ سندھ نے ایڈیشنل آئی جی سے واقعے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہوسکتا، قانون کی رٹ کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

 فائرنگ کے واقعے میں ملوث دونوں گروپوں کا تعلق نواب اکبر بگٹی کے خاندان سے تھا، فہد بگٹی نواب اکبر بگٹی کے بھتیجے جبکہ علی حیدر بگٹی ان کے بھانجے ہیں، جاں بحق ہونے والے میر میثم بگٹی اور میر عیسیٰ بگٹی آپس میں بھائی اور زخمی ہونے والےعلی حیدربگٹی کےبیٹے ہیں۔

 دونوں گروپوں کے درمیان فائرنگ کے بعد پولیس نے 12 افراد کو حراست میں لے لیا۔ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو ڈیفنس کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا، واقعے سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔
 

مزیدخبریں