(ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ منحرف اراکین کو الیکشن میں شکست ہوئی تو جولائی میں حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے پی ٹی آئی چیئرمین کے اعلان کے بعد اپنا ویڈیو بیان جاری کیا، جس میں انہوں نے کہا کہ آج عمران خان نے ڈاکو راج کی جانب سے نیب ترامیم کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے لوگ پریڈ گراونڈ میں ہونے والے احتجاجی جلسے میں بھرپور شرکت کریں گے۔
شیخ رشید نے پیش گوئی کی کہ جولائی کا مہینہ بہت اہم ہے، لکھ کر دیتا ہوں کہ اگر منحرف اور لوٹے ارکان کو شکست ہوئی تو جولائی میں حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:سپر ٹیکس سے صنعتیں بند،بےروزگاری بڑھے گی، عمران خان
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 2 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں حکومت مخالف احتجاجی جلسے کا اعلان کرتے ہوئے تمام بڑے شہروں کے کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے شہروں میں ہفتے کی رات کو جلسوں کا اہتمام کریں۔
عمران خان نے بنی گالا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی طرف سے سپر ٹیکس لگانے سے صنعتیں بند ہوگئیں اور کئی ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا گی، سپر ٹیکس سے کارپوریٹ ٹیکس 40 فیصد ہوجائے گا جبکہ بھارت اور بنگلہ دیش میں یہ ٹیکس 25 فیصد ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے میں حکومت رکے گی نہیں کیونکہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر 50 روپے فی لیٹر قیمتوں میں اضافہ کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں عام آدمی کا معاشی قتل کردیا ، مشکل کا شکار تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھادیا ۔ان کا کہناتھا کہ حکومت اب زراعت کو بھی تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پہلے حکومت نے ایک لاکھ تنخواہ دار کو ٹیکس چھوٹ دی تھی، اب انہوں نے 50 ہزار روپے تنخواہ دار پر بھی ٹیکس لگا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم موجودہ لوگوں پر ٹیکس نہیں ڈالنا چاہتے تھے لیکن ٹیکس نیٹ بڑھانا چاہتے تھے اور اس کے لیے اپریل سے ہم نے لوگوں کوٹیکس نیٹ میں لانے کا پروگرام بنایا تھا، ٹیکس نیٹ میں ہم نے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کرایا۔