(مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے نے اسلام آباد کے بعد لاہور سے بھی ملائیشیا کیلئےپروازیں بحال کردیں۔
پی آئی اے کی لاہور سے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے لئے پہلی پرواز پی کے 898 آج روانہ ہوئی، اس موقع پرایک سادہ سی تقریب میں لاہور ایئرپورٹ پر منعقد کی گئی اور کیک کاٹا گیا ، مسافروں کو پھول پیش کئے گئے,اسٹیشن مینجر لاہور سید علی اصغر زیدی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پرواز کی روانگی سے قبل لاہور ائیرپورٹ پر تقریب میں اے ایس ایف اور ایف آئی اے حکام بھی موجود تھے،اس موقع پر اسٹیشن مینجر لاہور سید علی اصغر زیدی نے مسافروں کے ہمراہ کیک بھی کاٹا، سید علی اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ قومی ائیرلائن مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
مسافروں کی جانب سے لاہور کوالالمپور فضائی روٹ بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑی وموٹرسائیکل مالکان کیلئے پریشان کن خبر
پی آئی اے اسلام آباد سے کوالالمپور کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں پہلے ہی چلا رہی ہے، وزیر ہوابازی کی خصوصی ہدایات پر قومی ایئر لائن اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کر رہی ہے۔
اس موقع پر وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ گرمیوں کی چھٹیوں کے موقع پر سیاحتی مقامات کی پروازوں میں اضافہ کیا جارہا ہے، لاہور سے اب براہ راست اندرون ملک و بیرون ملک سیاحتی مقامات تک رسائی فراہم کی جارہی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور سے گلگت اور اسکردو کی پروازیں بھی آپریٹ کی جا رہی ہے جبکہ اب باکو اور کوالالمپور کی پروازیں بھی لگا دی گئی ہیں، ان پرواز کا مقصد لوگوں کو اپنی قومی ایئرلائن کے ذریعے براہ راست اور آرام دہ سفری سہولیات مہیا کرنا ہے۔