(24نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صرف رجسٹرڈ ڈیلرز ہی چینی فروخت کر سکیں گے۔
ایوان وزیر اعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عثمان بزدار نے کہا کہ چینی کی پیداوار اور ترسیل کو کنٹرول کیا جائے گا۔مقرر کر دہ حد تک چینی اسٹور کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ اشیائے خوردو نوش پر سٹہ بازی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا منفی بیانیہ عوام نے مسترد کر دیا، پی ڈی ایم مکافات عمل کا شکار ہو کر ٹوٹ چکی، پی ڈی ایم بے سمت دوڑنے والا سیاسی ہجوم ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی اشرف انصاری نے ملاقات کی، جس میں یونس انصاری اور طاہر بشیر چیمہ بھی موجود تھے۔ اشرف انصاری اور یونس انصاری نے گوجرانوالہ کے لئے اربوں روپے کا ترقیاتی پیکیج دینے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صوبہ کے تمام شہروں کی یکساں ترقی ہمارا عزم ہے، خدمت کے جذبے سے کام کر رہے ہیں، عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر وقت دروازے کھلے رکھتے ہیں، گوجرانوالہ کے ترقیاتی منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کروں گا، گوجرانوالہ کے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، گوجرانوالہ میرا اپنا شہر ہے، مسائل پر پوری نظر ہے۔