اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب پر نامعلوم افراد کی فائرنگ

Mar 26, 2021 | 10:28:AM

(24نیوز)لاہور کے علاقے لٹن روڑ پر  موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب میاں اجمل کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا، آئی جی پنجاب انعام غنی نے پولیس کو ملزموں کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیدیا۔

  وزیراعلیٰ پنجاب کے ایس پی لاء اینڈ آرڈر اختر فاروق کے بھائی اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب میاں اجمل پر نامعلوم افراد نے ان کے گھر کے باہر فائرنگ  کی، حملہ آور موٹرسائیکل سوار تھے، میاں اجمل کو طبی امداد کے لئے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، رکن پاکستان بار کونسل اشتیاق اے خان نے سروسز ہسپتال میں میاں اجمل کی عیادت کی۔اشتیاق اے خان کا کہنا تھا کہ میاں اجمل کی کسی سے دشمنی نہیں، انہیں ڈکیتی مزاحمت پر گولیاں ماری گئیں، سٹریٹ کرائم بڑھ چکا ہے، پولیس وارداتوں کو روکے۔ 

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال کا کہنا تھا کہ میاں اجمل کو ٹانگوں پر دو گولیاں لگی ہیں، تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر سے، ڈکیتی سمیت مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کررہے ہیں اور ملزموں کی گرفتاری کیلئے سیف سٹی کیمروں سے مدد لیں گے۔

 آئی جی پنجاب انعام غنی، سی سی پی او غلام محمود ڈوگر، ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی سمیت دیگر افسروں نے اسسٹنٹ ایڈوکیٹ جنرل میاں اجمل کی خیرہت دریافت کی جبکہ آئی جی پنجاب نے پولیس کو جلد ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔
 

مزیدخبریں