آج شہباز شریف کو  جیل میں کورونا ویکسین لگائی جائیگی

Mar 26, 2021 | 13:45:PM

 (24نیوز)سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نبیل اعوان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کو آج کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگائی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نبیل اعوان نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیم کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف کو ویکسین لگائے گی۔نبیل اعوان نے بتایا کہ چار رکنی ٹیم کی سربراہی جناح ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر یحییٰ کر رہے ہیں، ٹیم میں فارماسسٹ اور وینٹی لیٹر بھی شامل ہیں۔

 واضح رہے کہ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نبیل اعوان نے کورونا سے متعلق موجودہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے پاس کورونا کے مریضوں کیلئے وینٹی لیٹرز موجود ہیں، کورونا مریضوں کی آمد سے آئی سی یو میں گنجائش ختم ہو رہی ہے، جسے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آج کے دن لاہور کے دو بڑے ہسپتالوں میں 15 فیصد گنجائش مزید بڑھا دیں گے، پچھلے سال جون میں جو کورونا لہر آئی تھی آہستہ آہستہ اس کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

نبیل اعوان نے کہا کہ کورونا مریضوں کی آمد میں کمی نہیں آ رہی اضافہ ہو رہا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ محکمہ صحت کی ایس او پیز پر عمل درآمد کریں، اپنی ایکٹی ویٹی محدود رکھیں۔بیرسٹر نبیل اعوان نے بتایا کہ کورونا کے باعث لاہور، راولپنڈی، گجرات اور گوجرانوالہ کے ہسپتالوں پر دباؤ ہے، کورونا مریضوں کی تعداد بڑھنے سے تمام ریسورسز اب کووڈ کی طرف لگارہے ہیں۔واضح رہے کہ لاہور کی نیب عدالت نے گزشتہ روز شہباز شریف کو کورونا ویکسین لگانے کا حکم دیا تھا۔
 

مزیدخبریں