ایم کیو ایم کل بھی ہمارے ساتھ تھی اور آج بھی ساتھ ہے،شاہ محمود قریشی 

Mar 26, 2022 | 22:35:PM

(24 نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ایم کیو ایم کل بھی ہمارے ساتھ تھی اور آج بھی ساتھ ہے، ایم کیو ایم قیادت کیساتھ ملاقات انتہائی حوصلہ افزا رہی،موجودہ حالات متقاضی ہیں سیاسی ملاقاتوں کا تسلسل برقرار رہے ۔
تفصیلات کے مطابق تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے حکومتی وفد نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماﺅں سے ملاقات کی،حکومتی وفدمیں وائس چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی ،وزیر دفاع پرویز خٹک ، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے بحری امور سید علی زیدی و گورنر سندھ عمران اسماعیل پر مشتمل تھا جبکہ ایم کیوایم کے اعلیٰ سطحی وفد میں ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم ،وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق، خواجہ اظہار الحسن، عامر خان، وسیم اختر، جاوید حنیف، اور صادق افتخار شامل تھے ،دوران ملاقات تحریک عدم اعتماد اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم قیادت کیساتھ ملاقات انتہائی حوصلہ افزا رہی،موجودہ حالات متقاضی ہیں سیاسی ملاقاتوں کا تسلسل برقرار رہے ،ان کا کہناتھا کہ ایک دوسرے سے کھل کر دل کی باتیں کی گئیں ،ایک دوسرے کا نقطہ نظر سمجھا اور سمجھانے کی کوشش کی ۔
وزیر خارجہ نے کہاکہ لوگوں کا ماضی دیکھا جاتا ہے اور حال دیکھ کر ہی فیصلہ کیا جاتا ہے ، پی پی کا ماضی اور حال کسی سے پوشیدہ نہیں ہے ،ان کا کہناتھا کہ معاہدے مختلف لوگوں سے ہوتے رہے ہیں ،معاہدوں پر کتنا عمل کیا گیا ہے یہ بھی دیکھا جاتا ہے ،
انہوں نے کہاکہ اتحادیوں کے ساتھ گفتگو امانت ہے جس پر بات نہیں کر سکتا، اتحادیوں کیساتھ آج ملاقاتیں نتیجہ خیز ہو سکتی ہیں ،وزیر خارجہ نے کہا کہ قمر زمان کائرہ کچھ بھی کہیں فرق نہیں پڑتا،،پیپلزپارٹی کے پنجاب اسمبلی میں کتنے ممبران ہیں؟ پیپلزپارٹی کیسے پنجاب میں وزیراعلیٰ لا سکتی ہے؟ان کا کہناتھا کہ ایم کیو ایم کل بھی ہمارے ساتھ تھی اور آج بھی ساتھ ہے،پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کو سبز باغ دکھانے کی کوشش کی،میں نہیں سمجھتا ایم کیو ایم پی پی کی باتوں میں آ جائے گی ۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا نئے الیکشن کرانے پر غور,اہم حلقوں نے تجویز دیدی

مزیدخبریں