حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے کوشاں ہے:اسحاق ڈار

Mar 26, 2023 | 20:46:PM

(ویب ڈیسک)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈارنے کہاہے کہ معیشت کی بہتری کیلئے آئی ایم ایف سے معاملات جلد طے پا جائیں گے، پاکستان دیوالیہ نہیں ہوگا ،حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ دوست ممالک کی طرف سے پاکستان کے ساتھ تعاون کے بعد آئی ایم ایف کے ساتھ جلد معاملات طے پا جائیں گے جس سے موجودہ مشکلات پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور معیشت بحالی کی طرف گامزن ہوگی۔ 2016 میں پاکستان دنیا کی 24ویں بڑی معیشت تھی اور ہم جی 20 میں شامل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن اس وقت ہماری معیشت کو سنگین معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔

 تقریب میں ترکمانستان کے سفیرعطاجان مولاموف، قازقستان کے سفیر یرژان کِسٹافن، آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف،کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیو، ترکی کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی، انڈونیشیا کے سفیر ایڈم ایم ٹوگیو اور شام کے سفیر ڈاکٹر رمیز الراعی سمیت سعودی عرب، آسٹریلیا، ملائیشیا، پولینڈ، سری لنکا، نیپال، جمہوریہ ترک شمالی قبرص اور دیگر ممالک کے سفرا موجود تھے۔

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کے بہتر فروغ کیلئے اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، امید ہے حکومت اس جانب خصوصی توجہ دے گی۔

تاجر برادری معیشت کی بحالی کی کوششوں میں حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی ۔

مزیدخبریں