سندھ کے 15 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی الیکشن ؛ پیپلز پارٹی کو سبقت حاصل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سندھ کے 15 اضلاع میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، ابتک موصول ہونیوالے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نشستیں جیتنے کی دوڑ میں سب سے آگے ہے۔
نتائج کے مطابق لاڑکانہ کی ڈوکری ٹاؤن کمیٹی وارڈ نمبر 2 میں بھی پیپلزپارٹی کے امیدوار بشیر تھیم پہلے نمبر پر ہیں جبکہ جی ڈی اے حبیب اللہ کھوکھر دوسرے نمبر پر، پی ٹی آئی امیدوار امام الدین جلبانی یہاں بھی پیچھے ہیں۔
کندھ کوٹ کی یونین کونسل 28 سے بھی پیپلز پارٹی کے ضلع کونسل کے امیدوار میر احمد رضا سندرانی نے میدان مار لیا ہے، یہاں جے یو آئی امیدوار رئیس ظفر بھیو دوسرے نمبر پر ہیں، چیئرمین کی نشست پر بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار کاشف علی بھیو نے کامیابی حاصل کر لی، جنرل کونسل کی نشست بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار محمد صلاح نے جیت لی۔
نواب شاہ کی یونین کونسل 8 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار قاضی رشید بھٹی پہلے، ایم کیو ایم کے یعقوب آرائیں دوسرے نمبر پر ہیں، جبکہ تحریک انصاف اور تحریک لبیک کے امیدوار بہت پیچھے ہیں، اولڈ نواب شاہ سے بھی پیپلز پارٹی کے علی احمد چیئرمین اور غلام مصطفی وائس چیئرمین بن گئے۔
یونین کونسل سومر جمالی سے پیپلز پارٹی کے قربان علی آرائیں اور علی احمد بروہی کامیاب ہوئے۔
سکھر کی یونین کمیٹی پنہواری کے وارڈ نمبر ون پر پیپلز پارٹی کے امیدوار اعظم جاگیرانی کامیاب ہو گئے یہاں جے یو آئی کے امیدوار دوسرے نمبر پر رہے، سکھر کی ضلعی کونسل کی نشست بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار جیون خان نے جیت لی، جنرل کونسل نشست پر پیپلز پارٹی کے عبد الوہاب کامیاب ہوئے۔
جیکب آباد کی یونین کونسل 23 کوٹ جنگو میں چیئرمین کے آزاد امیدوار ظفر کھوسو نے کامیابی حاصل کر لی، یہاں پیپلز پارٹی کے طاہر علی دوسرے نمبر پر رہے، وائس چیئرمین کی سیٹ بھی آزاد امیدوار عبدالمطلب کھوسو جیت گئے، یہاں بھی پیپلز پارٹی کے میر علی دوسرے نمبر پر رہے، ضلع کونسل کی نشست بھی آزاد امیدوار فاروق کھوسہ نے جیت لی، پیپلز پارٹی کے امیدوار علی احمد دوسرے نمبر پر رہے۔
شہداد کوٹ کی 8 نشستوں میں سے دو نشستوں پر پیپلز پارٹی، دو پر جے یو آئی اور باقی 4 پر پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامیاب ہوگئے، میونسپل کمیٹی قمبر کے وارڈ 12 اور ٹاو¿ن کمیٹی وگن کے وارڈ 3 پر پیپلز پارٹی کے جنرل کونسلرز نے کامیابی سمیٹی۔
یونین کونسل بگو دڑو کی چیئرمین، وائس چیئرمین، ممبر ضلع کونسل اور دو جنرل کونسلرز کی نشستیں پیپلز پارٹی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار جیت گئے، یونین کونسل بگو دڑو کی جنرل کونسلرز کی باقی دو نشستوں پر جے یو آئی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
بدین کی یونین کونسل 49 چاکر پنہور جی پی ایس عاقل دہل ضلع کونسل کی نشست بھی پیپلز پارٹی کے امیدوار پاگھارو غلام رسول نے جیت لی جبکہ جی ڈی اے کا امیدوار میر حسن دوسرے نمبر پر رہے۔
حیدر آباد، لاڑکانہ، جامشورو، بدین ، سکھر، سانگھڑ کی یوسیز پر صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہا، مجموعی طور پر 27 یونین کونسلز میں پولنگ ہوئی۔
رمضان المبارک اور اتوار کا روز ہونے کے باعث پولنگ کا عمل سست روی کا شکار رہا، چند ووٹر ہی ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے پہنچ سکے، بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے کے امیدواروں میں مقابلہ ہوا۔
حیدر آباد کی یوسی 35 اور یوسی 28 میں پولنگ کا عمل مکمل ہوا جبکہ لاڑکانہ وارڈ 2 میں 2170 ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا جبکہ وارڈ 2 میں 1184 مرد اور 986 خواتین نے ووٹ کاسٹ کیا، لاڑکانہ میں 4 بوتھ قائم کئے گئے، 2 پریزائیڈنگ افسران سمیت 16 افراد کا عملہ تعینات تھا، سکیورٹی کے انتظامات سخت 2 ڈی ایس پیز سمیت ایک سو سے زائد افسران و اہلکار پولنگ بوتھ پر تعینات رہے۔
یاد رہے کہ ڈوکری کے وارڈ 2 پر الیکشن کمیشن کی جانب سے بیلٹ غلط انتخابی نشان الاٹ ہونے پر انتخابات ملتوی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: گول کیپر نے طویل ترین فاصلے سے گول کرنے کا ریکارڈ بنالیا