( احمد منصور )سیکیورٹی فورسز نے تربت نیول بیس پرگزشتہ شب دہشتگردوں کےحملے کی کوشش ناکام بنادی ، آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا، نیول بیس پر حملہ کرنے والے چاروں دہشتگرد مارے گئے، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گذشتہ شب دہشت گردوں نےتربت میں نیول بیس پی این ایس صدیق پر حملہ کیا جسے کامیابی سے ناکام بنادیا گیا ہے۔نیول بیس کی سیکیورٹی پر مامور دستوں نے حملے کا فوری اور موثر جواب دیتے ہوئے افراد اور اثاثہ جات کی حفاظت کو یقینی بنایا،قریبی علاقے میں موجود سیکیورٹی فورسز فوری طور پر نیول فورسز کی مدد کے لیے پہنچی۔
ضرورپڑھیں:ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کا ٹارگٹڈ آپریشن،فائرنگ کے تبادلے میں 4دہشتگرد ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں تمام چار دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے،دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی بلوچستان کے سپاہی نعمان فرید شہید ہوگئے۔24 سالہ سپاہی نعمان فرید کا تعلق ایف سی بلوچستان سے تھا،مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے سپاہی نعمان فرید شہید نے بے جگری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔پاکستان کی مسلح افواج ہر قیمت پر وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
دوسری جانب بلوچ دہشتگرد تنظیم بی ایل اے نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔