آغا علی کی حنا الطاف سے علیحدگی پر پہلی بار لب کشائی

Mar 26, 2024 | 15:50:PM

(24 نیوز)اداکار آغا علی نے اپنی اور اہلیہ حنا الطاف کی علیحدگی کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں کے بعد اپنے اکیلے رہنے کی تصدیق کردی.

معروف پاکستانی اداکار آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف سے علیحدگی کی خبروں سے متعلق پہلی بار ڈھکے چھپے انداز میں لب کشائی کی ہے،آغا علی نے حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے میزبان ایاز سموں کے ساتھ گفتگو میں اپنے کیریئر اور نجی زندگی سمیت مختلف امور پر کھل کر بات کی۔

دورانِ گفتگو میزبان نے ان سے سوال کیا کہ ’کیا آغا گھر کے کام کرنے میں ماہر ہیں؟میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میں نے پرسوں پہلی بار بیف لائم اسپیگیٹی بنائی جو بہت اچھی بنی تھی،انہوں نے مزید کہا کہ اب بہت طویل عرصہ گزر گیا ہے میں نے گھریلو کام کاج کے لیے کوئی ملازم نہیں رکھا۔ میں نے 2022 میں فیصلہ کیا تھا کہ مجھے گھریلو کام کاج کے لیے کوئی ملازم نہیں چاہیے۔

آغا علی نے اپنے فیصلے کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں نے یہ فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ میں اپنے کام کو اور گھریلو ملازم کو مینیج نہیں کر پا رہا تھا، میں 10 سے 12 گھنٹے کام کے سلسلے میں گھر سے باہر رہتا ہوں اور اب میں اکیلے رہتا ہوں تو مجھ سے یہ سب مینیج نہیں ہورہا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں:بھکاری کا انوکھا مطالبہ،اداکارہ حنا خان دنگ رہ گئیں

انہوں نے کہا کہ گھریلو ملازم کی ٹائمنگ مینیج نہیں ہوتی تھی، کبھی ایسا ہوتا تھا کہ میں کام کے لیے نکل جاتا تھا اس کے بعد ملازم آتا تھا یا کام کے لیے نکلنا ہوتا تھا تو اس وقت کام چل رہا ہوتا تھا تو میں نے اسے ہٹا کر 24 گھنٹوں کے لیے ملازم رکھ لیا لیکن پھر اس کی بھی اپنی زندگی ہے، وہ کبھی چھٹی لے کر چلا جاتا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے اپنے ایک کینیڈین دوست سے متاثر ہوکر گھر کے تمام کام خود کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس سے معروف جوڑی اداکارہ حنا الطاف اور اداکار و میزبان آغا علی کے درمیان علیحدگی سے متعلق افواہیں زیرِ گردش ہیں۔

 ان کے مداح بھی دونوں فنکاروں کی ایک ساتھ تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے نہ آنے پر پریشانی کا اظہار کر رہے تھے، یہ پہلا موقع ہے جب آغا علی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اب اکیلے رہتے ہیں۔

مزیدخبریں