پوری قوم کی ہمدردیاں چین کیساتھ، عظیم دوستی کو نقصان نہیں پہچنے دیں گے: وزیراعظم

Mar 26, 2024 | 19:04:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی) مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں، پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

شانگلہ میں ہونے والے خودکش حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکتوں کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفارتخانے کا دورہ کیا، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ تھے، دہشتگردی واقعے کے بعد کی صورتحال اور چینی باشندوں اور انجینیرز کی سیکیورٹی پر تفصیلی مشاورت کی گئی، چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کی سفارتخانے آمد اور واقعے کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا اور وزیرِ اعظم کے پاک چین دوستی کے حوالے سے عزم کی تعریف کی۔

یہ بھی پڑھیں: چینی باشندوں کی گاڑی پر خودکش حملہ، وزیر داخلہ  محسن نقوی نے دو ٹوک اعلان کر دیا

وزیراعظم نے چینی سفیر سے شانگلہ دہشتگردی واقعے پر دکھ اور  افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ (Jiang Zaidong) سے بشام میں دہشتگرد حملے میں 5 چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت بھی کی، چینی سفیر سے گفتگو میں وزیرِ اعظم نے چینی صدر اور چینی وزیرِ اعظم کیلئے  واقعے کے حوالے سے تعزیتی پیغام دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلِخانہ کے ساتھ ہیں، پاکستانی حکومت واقعے کی اعلی سطح اور جلد تحقیقات کرکے ذمہ داراں و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دے گی، پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی ایسی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سی پیک کے دشمنوں نے ایک مرتبہ پھر سے ایسی بزدلانہ حرکت سے اسے متزلزل کرنے کی سازش کی ہے مگر دشمن اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک اسکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔