دعا زہرہ کی سالگرہ کی ویڈیو پر والد کا ردعمل سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) کراچی سے لاہور آکر شادی کرنے والی دعا زہرہ کی سالگرہ منانے کی وائرل ویڈیو پر والد مہدی علی کاظمی کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
مہدی علی کاظمی نے بیٹی کی ویڈیو سامنے آنے پر کہا کہ دعا کی سالگرہ 27 اپریل کو تھی، ہمیں تو یہ بھی نہیں پتا کہ یہ ویڈیو کب کی ہے، اگر یہ پرانی ویڈیو ہے تو ابھی لگانے کا مقصد کیس کا دھیان کسی اور جانب کرنا تھا۔ دعا کے والد نے کہا کہ مجھے بہت سے لوگوں نے کہا کہ بچی کا ٹیسٹ کروانا چاہیے تاکہ ویڈیو بناتے وقت بچی کی ذہنی حالت کا معلوم ہوسکے۔
مہدی کاظمی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دعا ان کے قبضے میں ہے، وہ خدا نخواستہ کسی بھی طرح سے اس کی ویڈیو بناسکتے ہیں، جس خاتون نے یہ ویڈیو لگائی اسے سوچنا چاہیے کہ وہ 13 سال 11 ماہ کی بچی کی شادی کی حمایت کررہی ہے جو ایک جرم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ لوگ اتنے ہی سچے ہیں تو عدالت میں آئیں، عدالت میرے والد صاحب کی خریدی ہوئی جگہ نہیں جو میرے مطابق فیصلہ کرے گی۔
خیال رہے گزشتہ ماہ کراچی سے لاہور آکر رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی دعا زہرا کی شوہر ظہیر احمد کے ہمراہ سالگرہ منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دعا، ظہیر احمد اور ان کے اہلخانہ کے ہمراہ موجود ہیں اور اپنی سالگرہ کا کیک کاٹ رہی ہیں۔