(24 نیوز) کراچی فشریز سے سمندر میں شکار کے لئے جانے والی ماہی گیروں کی لانچ ڈوب گئی۔
سیکیورٹی انچارج فشریز ناصر بونیری کے مطابق الودود نامی لانچ ہنگول اور چرنا کے درمیان گہرے سمندر میں سپٹ کے مقام پر ڈوبی، ماہی گیروں کی لانچ کو حادثہ سمندر میں چلنے والی تیز ہواؤں اور طوفانی موجوں کے باعث پیش آیا، لانچ کے ناخدا اختر منیر نے بروقت آگاہ کیا جس پر اطراف میں شکار کرنے والی الیوسفی لانچ موقع پر پہنچی، ڈوبنے والی لانچ میں سوار تمام 18 ماہی گیروں کو زندہ بچالیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسد عمر کی صدر عارف علوی سے ملاقات، موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تصیلی مشاورت
سیکیورٹی انچارج فشریز نے مزید کہا کہ متاثرہ لانچ کو 27 مئی کو واپس کراچی پہنچنا تھا ، ایک ماہ قبل ماہی گیر ی کے لئے لانچ سمندر میں گئی تھی، ڈوبنے والی لانچ کی مالیت ڈھائی سے تین کروڑ روپے تھی، لانچ میں بڑی مقدار میں مچھلی و جھینگاوغیرہ موجود تھا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ، کوسٹ گارڈز اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کو آگاہ کردیا گیا تھا۔