(24 نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں، ہم نے حکومت سنبھالی تب بھی مہنگائی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں صنعت کاروں اور کاروباری شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کار دنیا میں پاکستان کے سفیر ہیں، ہم نے حکومت سنبھالی تو ایسا نہیں تھا کہ مہنگائی نہیں تھی، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے توڑدیا، ملک میں ایک سال سے سیاسی عدم استحکام تھااور اب بھی ہے، پچھلے ایک سال میں جو کچھ ہوا آپ کے سامنے ہے، ایک سال میں تقسیم درتقسیم پاکستان کو ہلا کر رکھ دیا،۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے کراچی کو یومیہ ساڑھے چھ کروڑ گیلن پانی کی فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا
وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب کے نقصان سے نمٹنے کیلئے وفاق نے سو ارب روپے دیئے۔عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھی، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کردی ہیں، پچھلی حکومت کی وعدہ خلافی کے باعث ہمیں آئی ایم ایف کی کڑی شرائط ماننا پڑیں، کورونا کے دوران گیس کی قیمتیں زمین پر گئیں لیکن پچھلی حکومت نے معاہدے نہ کیے، دوست ممالک نے غیرمشروط طورپر آئی ایم ایف پروگرام میں پاکستان کی مدد کی، چینی وزیراعظم نے بھی ہرممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
9 مئی واقعات سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتجاج بہت ہوئے لیکن ملک دشمنی کبھی کسی نے نہیں کی، ملکی تاریخ میں کبھی شہدا کی یادگاروں کے ساتھ وحشیانہ سلوک نہیں کیا گیا، سیاسی استحکام تک معاشی استحکام ممکن نہیں۔