بادل برسیں گے یا سورج آگ برسائے گا، محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عائمہ خان،فاطمہ خان) صوبائی دار الحکومت لاہور سمیت ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں سورج کے جلوے برقرار ,محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی جبکہ بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح سویرے سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ چمکنے لگا، ہیٹ سٹروک کا خطرہ بھی نہ ٹل سکا، بہاولپورمیں درجہ حرارت47 ،رحیم یار خان 46،ڈیرہ غازی خان46 اور ملتان 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جس سے ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے، جبکہ اندرون سندھ کے علاقے دادو، موہن جودڑو میں درجہ حرارت50سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، سکھر اور نواب شاہ میں درجہ حرارت48سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 29 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر کا موسم دن بھر گرم اور خشک رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 40فیصد تک جا پہنچا، ہوا کی رفتار 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، آج اور کل پنجاب میں ہیٹ ویو کے خطرات برقرار ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ آئندہ ہفتے کے دوران گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کردی۔
ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی،ائیر کوالیٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح174ریکارڈ کی گئی،فیز 8ڈی ایچ اے 162 اورٹھوکر نیاز بیگ میں آلودگی کی شرح 172ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق شہر کا درجہ حرارت 45 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے ، جنوبی اور وسطی پنجاب کے علاقے بھی شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ ہیں، تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں، ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کیلئے متعلقہ ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کردی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدت آج بھی برقرار، درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان جبکہ درجہ حرارت کو محسوس کرنے کی شدت 40 سے 42 ڈگری ہو سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت ، گیمنگ زون میں خوفناک آتشزدگی ، 9 بچوں سمیت 27 افراد ہلاک
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر میں 24 گھنٹوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے،کراچی میں مغربی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں اس وقت نمی کا تناسب 68 فیصد ہے، آج بھی بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ گرمی کے پیش نظر شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، شہری غیر ضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں اور پانی زیادہ استعمال کریں، گھروں سے باہر نکلتے وقت اپنے سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔
ائیر کولیٹی انڈکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہے،دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی سترہ نمبر پر آگیا،پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیسرے نمبر پر موجود ہے،ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 83 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی جارہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موہنجوداڑو میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ،درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ،51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے،لاڑکانہ میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔