(24 نیوز)فلم اور ٹی وی کے معروف اداکار طلعت حسین کو ڈیفنس فیز 8میں واقع قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا،مرحوم کی نماز جنازہ میں اہل علاقہ، شوبز، سماجی اور سیاسی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
یاد رہے کہ پاکستان کے معروف سینئر اداکار طلعت حسین آج صبح انتقال کرگئے تھے ،صدر کراچی آرٹس کونسل احمد شاہ نے بتایا کہ طلعت حسین کافی عرصے سے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، طلعت حسین کی صاحبزادی نے والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے،احمد شاہ کا اداکار کی وفات پر کہنا تھا کہ طلعت حسین کا انتقال بڑا نقصان ہے۔
پاکستانی ڈراموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والے طلعت حسین بھارتی شہر دہلی میں 1940 میں پیدا ہوئے تھے،پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ افراد نے سینئر اداکار کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:’’محبت ناکارہ کر دیتی ہے ‘‘شائسہ لودھی
اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی انسٹاگرام پر اداکار کے انتقال کی خبر شیئر کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ طلعت حسین نے ٹی وی اور سٹیج کے علاوہ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے، 1961 میں فضل کریم فضلی کی فلم "چراغ چلتا رہا" سے انہوں نے فلمی دنیا میں قدم رکھا, اس فلم سے محمد علی، زیبا، دیبا اور کمال ایرانی نے بھی ڈیبیو کیا تھا, اس فلم میں طلعت حسین نے دیبا کے چھوٹے بھائی کا کردار ادا کیا تھا۔
طلعت حسین نے محمد علی اور زیبا کے ساتھ شباب کیرانوی کی فلم "انسان اور آدمی"میں بھی کام کیا تھا۔ اس فلم میں طلعت حسین پر کامیڈین رنگیلا کی آواز میں ریکارڈ کیا ہوا گانا "ہم نے تم سے پیار کیا ہے"فلم بند کیا گیا تھا, انہوں نےبھارت کی فلم"سوتن کی بیٹی" میں وکیل کا کردار عمدگی سے ادا کیا تھا۔ پاکستان میں انہوں نے ہلچل اور دوسری بہت سے فلموں میں بھی اداکاری کی۔
طلعت حسین کی پیشہ ورانہ تربیت میں ریڈیو پاکستان کے سینیر پروڈیوسر قمر جمیل مرحوم نے بھی کلیدی کردار ادا کیا تھا،،ریڈیو پاکستان میں صداکاری کے اسرار و رموز سیکھنے والے ہی اُس زمانے میں اداکاری کی طرف جاتے تھے۔
قائم مقام صدر قائم مقام صدریوسف رضا گیلانی سمیت سیاسی قیادت نے اداکار طلعت حسین کی وفات پر اظہارافسوس کیا ،قائم مقام صدریوسف رضا گیلانی نے کہا کہ مرحوم طلعت حسین کی فنون لطیفہ کیلئےگرانقدر خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مرحوم اداکار کی بلندی درجات کے لئے دعا کی اورلواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ طلعت حسین ایک لیجینڈ اداکار تھے،ان کی ڈائیلاگ ڈیلیوری کا ایک زمانہ معترف ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے بھی ادکار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلعت حسین نے اپنی منفرد اداکاری سے ہر کردار کو زندہ کیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کنے بھی اداکار طلعت حسین کی وفات پر اظہارافسوس کیا۔