ملک میں عوام کی حکمرانی ہونی چاہئے، تمام اداروں کی ایک حدود ہونی چاہئے،امیر جماعت اسلامی

May 26, 2024 | 18:35:PM

(24نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کاکہناہے کہ ملک میں عوام کی حکمرانی ہونی چاہئے،فوج سمیت دیگر تمام اداروں کی ایک حدود ہونی چاہئے،آئین کو بار بار پامال کرنے سے ملک تو تباہ ہوتا ہے ادارے بھی نقصان اٹھاتے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اس وقت شدید مشکلات میں ہے،عوام اس وقت طاقتور لوگوں کے غلام ہیں،سردار،وڈیرے ،جاگیردار، بیورو کریٹ اور فوج کے جرنیل کا اکٹھ جوڑ ہے،ہمارے ایجنڈے کا پہلا نقطہ یہ ہے کہ ملک میں عوام کی حکمرانی ہونی چاہئے،فوج سمیت دیگر تمام اداروں کی ایک حدود ہونی چاہئے،آئین کو بار بار پامال کرنے سے ملک تو تباہ ہوتا ہے ادارے بھی نقصان اٹھاتے ہیں،ملک کے عوام میں اب شعور بیدار ہو چکا ہے۔ان کا کہناتھا کہ ملک میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے،وہ ادارے جن کی طرف لوگ عزت سے دیکھا کرتے تھے اب لوگ ان پر انگلی اٹھا رہے ہیں،چند لوگوں کی ذاتی انا اور فیصلوں نے پورے ادارے کو تباہ کر رکھا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ الیکشن کمیشن کا کام منصفانہ انتخابات کروانا ہے جو  کٹھ پتلی بن گیا،فارم 45 کی بنیاد پر ہار جیت کا فیصلہ ہونا چاہئے،انتخابی نتائج پر جوڈیشل کمیشن بننا چاہئے،انتخابی نتائج میں دھاندلی کے حوالے سے عوام کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ان کاکہناتھا کہ پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم ،مسلم لیگ سمیت تمام جماعتوں کو فارم 45 نتائج کا احترام کرنا چاہئے،ملک میں فوری طور پر انتخابی اصلاحات ہونی چاہیئں،الیکشن کمیشن کا آزاد اور خود مختار اپنا عملہ ہونا چاہئے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ نوجوانوں کیلئے مثبت سرگرمیاں فراہم کرنے  کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے،ہمیں نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے کام کرنا ہوگا،غریب اور متوسط طبقے سے تعلیم کی سہولت بھی چھینی جا رہی ہے،کوئی ایک سرکاری سکول ایسا نہیں جس میں کوئی حکومتی یا سرکاری فرد اپنا بچہ داخل کروا سکے،سرکاری سکولوں میں تعلیم بدتر سے بدتر ہوتی جا رہی ہے،یہ ظالم مافیا ہمارے ساتھ کر کیا رہا ہے،76سال سے یہ مافیا ہمیں لوٹ کر کھا رہا ہے،ان لوگوں نے پاکستانی عوام کو جاہل بنا کے رکھا ہوا ہے،ہم سمجھتے ہیں کہ تعلیم ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہئے،ہم تعلیم کے تحفظ کےلئے عوام کو آگاہی فراہم کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ دس ملین ڈالر یا پچیس ملین ڈالر ملک میں آنے سے کچھ نہیں ہوگا،اس وقت انڈسٹری شدید بحران کا شکار ہے،سرمایہ کار اپنی انڈسٹری دیگر ممالک میں لے جا رہے ہیں،فارم 47والوں نے ملک میں کاروباری حالات بھی تباہ کر دئیے ہیں،زراعت کا شعبہ ایسا ہے جس میں پاکستان خود کفیل ہے مگر کسان پریشان ہے،زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے،ان کاکہناتھا کہ گندم کے حوالے سے حکومت نے کسانوں کیساتھ دھوکا کیا، حکومت ہاتھ میں کشکول لئے  ڈالروں کی بھیک مانگتی پھر رہی ہے ۔

پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی کاکہناتھا کہ خواتین کو جو مسائل اس وقت درپیش ہیں ان میں سب اہم گھریلو تشدد اور ہراسگی ہیں،گھریلو تشدد اور ہراسگی کا شکار خاتون کو تھانے کچہری جا کر مزید ذلت اٹھانا پڑتی ہے،خواتین کو وراثت کا حق نہ دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے،خواتین کو وراثت میں حق نہ دینے والوں کو عوامی عہدوں اور سرکاری نوکریوں کیلئے  نا اہل کیا جائے۔ان کاکہناتھا کہ ملک میں اس وقت بدترین ظلم اور غلامی کا نظام رائج ہے،ہماری خارجہ پالیسی بھی آزاد نہیں ہے،جنرل باجوہ پر سودے بازی کرنے کے الزامات لگ رہے ہیں،جنرل باجوہ پرلگنے والے الزامات کی انکوائری ہونی چاہئے،ان کا مزید کہناتھا کہ امریکی ایجنڈا ہے کہ خطے میں بھارت کو پاور مین بنایا جائے،پاکستان کی خارجہ پالیسی امریکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے،یہ کہتے ہیں کہ ہم اندر کھاتے سودے بازی کریں اور ہم سے سوال بھی نہ ہو،فوجی رجیم کے حوالے سے سوالات اٹھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں آزاد خارجہ پالیسی چاہئے،پاک ایران گیس پائپ لائن ہمارے لئے بہت اہم ہے،پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ مکمل کرنے کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی اداکارہ کے سوتیلے والد کو سزائے موت سنادی گئی

مزیدخبریں