وزیر اعظم کا ناروے کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی تعریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ناروے کے ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے تاریخی فیصلے کو سراہا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ناروے کے وزیر اعظم جوناس گہر سٹور سے آج ٹیلی فون پر بات چیت کی اور ناروے کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے تاریخی فیصلے کو سراہا، وزیراعظم نے رفح اور غزہ کے حوالے سے آئی سی جے کے حالیہ فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا اور اس پر مکمل اور موثر عمل درآمد کرنے، مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے حوالے سے 2 ریاستی حل کی اہمیت پر زور دیا، وزیر اعظم نے پرائم منسٹر سٹور کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کا ایرانی چیف آف جنرل سٹاف سے ٹیلی فونک رابطہ، صدر رئیسی کی وفات پر اظہارِ تعزیت
بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور قابل تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ناروے کے درمیان ایک اہم رابطہ قائم کرنے اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کرنے میں پاکستانی نژاد نارویجئن باشندوں کے اہم کردار کو بھی تسلیم کیا، دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور جلد ہی ملاقات کرنے پر اتفاق بھی کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ناروے کا یہ اصولی فیصلہ ان بہادر فلسطینی عوام کے لیے امید اور یکجہتی کا مضبوط پیغام دے گا جو 75 سال سے اسرائیل کی بربریت اور ظلم و جبر کو برداشت کر رہے ہیں، امید ہے کہ ناروے کا فیصلہ دوسرے ممالک کو بھی اس کی پیروی کرنے کی ترغیب دے گا جس سے ریاست فلسطین کی اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کی راہ ہموار ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کو اپنی توجہ کشمیر کے مظلوم عوام کی حالت زار پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے جو کہ گزشتہ ساڑھے 7 دہائیوں سے وحشیانہ قبضے اور بنیادی حقوق سے انکار کا شکار ہیں۔
واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں کی اس سال اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائینز پر ملاقات متوقع ہے۔