سخت سردی ،سڑکوں پر پانی جم گیا ، سوئی گیس کے پریشر کا مسئلہ برقرار

Nov 26, 2020 | 10:43:AM

(24نیوز)آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں گزشتہ روز ہونے والے بارش کے بعد موسم سرد ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔آزاد کشمیر میں برف باری اور بارش کا سلسلہ وقفے وقفے کے ساتھ جاری ہے، جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں 1 روز قبل ہونے والی بارش کےبعد سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے، کوئٹہ میں سڑکوں پر جمع ہونے والا پانی جم گیا۔محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں موجودہ درجۂ حرارت 16ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہر میں ہوائیں 16 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 65 فیصد ہے۔ادھر بارش اور پہاڑوں پر برف باری کے بعد بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ شہر اور نواحی علاقوں میں گزشتہ روز کی نسبت سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

  
وادیٔ کوئٹہ میں درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے 4 درجے تک گر گیا ہے، آج صبح سویرے کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔سردی کی شدت کے باعث شہر میں مختلف جگہوں پر کھڑا پانی بھی جم گیا، یخ بستہ موسم میں بھی گراؤنڈز اور پارکوں میں نوجوانوں اور معمر افراد کا معمول کی واک اور ایکسرسائز کا سلسلہ جاری ہے۔دوسری جانب سردی میں اضافے کے باوجود سوئی گیس کے پریشر کا مسئلہ برقرار ہے اور صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔کوئٹہ کے علاوہ صوبے کے دیگر بیشتر شہروں میں بھی موسم مزید سرد ہوگیا ہے، آج قلات میں درجۂ حرارت منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ژوب میں درجۂ حرارت ایک، دالبندین میں 2، نوکنڈی میں 3، پنجگور اور خضدار میں 4، سبی میں 7، گوادر میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں