(24نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نےاپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے معاملے پر کابینہ کی سفارشات کی منظوری دے دی۔
والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کیلئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو پنجاب حکومت کی جانب سے بڑا ریلیف مل گیا۔وزیراعلیٰ آفس ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دےدی ہے۔ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی 27 نومبر دوپہر 2 بجے ہو گی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے 5 روز کے لیے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی منظوری دی تھی۔ کابینہ ممبران سے منظوری کے بعد سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی درخواست سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ شمیم اختر کے انتقال کے باعث دی گئی تھی اور اس حوالے سے صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پیرول پر رہائی شہباز شریف اور حمزہ کا قانونی حق ہے تاہم دونوں کو بیگم شمیم اختر کی میت پاکستان پہنچنے سے ایک روز قبل رہا کیا جائے گا۔