(24نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی دارالحکومت میں فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا افتتاح کردیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں انڈر پاس مستقبل میں ٹریفک کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انڈر پاس کی تعمیر سے گلبرگ اور کینٹ میں ٹریفک بلاتعطل جاری رہے گا۔فردوس مارکیٹ کے رہائشیوں نے منصوبہ مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ انڈر پاس سے ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور شہریوں کو سہولت ملے گی۔
دورویہ انڈرپاس 540 میٹرطویل اور دونوں طرف سے دو دو لین پر مشتمل ہے۔ بارشی پانی کے اخراج کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے اور منصوبے کے لئے 7 کنال اراضی ایکوائر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 540میٹر طویل فردوس مارکیٹ انڈرپاس 18ماہ میں مکمل ہوا ہے۔ فردوس مارکیٹ انڈر پاس پر 1ارب 18کروڑ روپے سے زائد لاگت آئی۔ انڈر پاس سے روزانہ ایک لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔