شکاری خود شکار بن گیا۔۔۔۔!

Nov 26, 2020 | 13:58:PM

 
24نیوز :’کبھی کبھی شکاری خود شکار ہو جاتا ہے‘  جمہوریہ چیک کے ایک شکاری کو اس وقت خفت اٹھانا پڑی جب ایک بارہ سنگھا نے اس کی رائفل کو اپنے سینگ میں اڑا لیا اور تیزی سے بھاگ کھڑا ہوا۔

تفصیلات کے مطابق جمہوریہ چیک کے ایک گاؤں ہورنی پلانا میں ایک شکاری کی رائفل اس وقت بارہ سنگھا ہرن کے سینگھوں چڑھ گئی جب وہ اپنے شکار میں مصروف تھا۔ یہ گاؤں جنوبی بوہیمیا میں واقع ہے۔

پولیس کی  پریس ریلیز  میں کہا گیا ہے کہ شکاریوں کا ایک گروہ ہانکا لگانے والے کتوں کے ساتھ تھا۔ جیسے ہی شکاری کتوں نے ہرنوں اور بارہ سنگوں کو گھیرنا شروع کیا تو اچانک قریبی جھاڑیوں سے ایک بارہ سنگھا دوڑتا ہوا سیدھا ایک شکاری کی جانب آیا۔ بارہ سنگھا شکاری کا تعاقب کرتا ہوا آگے بڑھا اور اس کی آستین میں سینگ اڑادیئے جس سے خراشیں آئیں۔ تاہم اسی مڈھ بھیڑ میں رائفل ہاتھوں سے نکل کر بارہ سنگھے کے کئی سینگوں میں اٹک گئی اور وہ اسے لے کر غائب ہوگیا۔

  
 
 پولیس کے مطابق خوش قسمتی سے بندوق میں کوئی کارتوس نہیں تھا ورنہ وہ فائر ہوسکتا تھا۔ اس دوران ایک اور شکاری نے بارہ سنگھے کو دیکھا جس کے سینگوں میں رائفل پھنسی تھی۔ اس دوران تمام شکاری جمع ہوکر رائفل کی تلاش میں نکلے تاہم بہت کوشش کے باوجود وہ نہ مل سکی۔ شکاری نے باقاعدہ پولیس کو پورے واقعے کی اطلاع دی کیونکہ اسلحہ قوانین کے تحت گم ہوجانے والے آتشیں ہتھیار کی رپورٹ درج کرانا بہت ضروری ہوتا ہے۔  پولیس نے بھی  فرار ہوجانے والے ہرن کی تلاش شروع کردی ہے۔

مزیدخبریں