(24نیوز)کھانا کھانے کے فوراً بعد اکثر پانی یا چائے پینے کی طلب ہوتی ہے کچھ افراد سو بھی جاتے ہیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ تمام عادتیں صحت کے لئے کتنی خطرناک ہیں؟
تفصیلات کے مطابق ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ اچھی صحت کے لئے لازم ہے کہ کھانا کھانے کے فوراً بعد مندرجہ ذیل بیان کی گئیں ان عادات کو ترک کردیا جائے۔
پھلوں کا استعمال ہماری صحت کے لئے بہت اچھا ہے لیکن اگر آپ چاہتے ہیں کہ پھلوں کی بھر پور غذائیت حاصل کریں تو اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم اس کو صحیح وقت پر کھائیں کیونکہ کھانے کے فوری بعد پھلوں کا استعمال نظامِ ہاضمہ کو متاثر کرتا ہے، ساتھ ہی یہ زبان کے ذائقے کو بھی خراب کرتا ہے۔
کھانا کھانے کے بعد فوراً لیٹنے سے کھانا درست طریقے سے ہضم نہیں ہوپاتا جس کے باعث پیٹ درد اور معدے کے مسائل کی شکایات پیدا ہوتی ہیں۔ اسی طرح ماہرین صحت کھانے کے فوری بعد نہانے سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیتے ہیں۔
تمباکو کا استعمال اور سگریٹ نوشی صحت کے لئے مضر ہے لیکن اس کے باوجود بھی کچھ لوگ کھانے کے فوری بعد سگریٹ پینے کے عادی ہوتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق کھانے کے بعد ایک سگریٹ پینا تقریباً 10 سگریٹ پینے کے برابر نقصان پہنچاتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سگریٹ اور تمباکو نوشی معدے کے لئے نقصان دہ ہے اور یہ آنتوں کے لئے پریشانی کا باعث بنتی ہے۔ اس کے علاوہ اس سے (آئی بی ایس) اور باؤل انفیکشن کا خدشہ ہوتا ہے۔
اگر کھانا کھانے کے بعد بیلٹ ڈھیلی کرنی پڑ جائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے ضرورت سے زیادہ کھانا کھالیا ہے جو نقصان دہ ہے۔ تحقیق کے مطابق معدے پر ہلکا دباؤ پیٹ اور نظامِ ہاضمہ کو متاثر کرسکتا ہے۔
پانی جتنا زیادہ پیا جائے اتنا ہی صحت کے لئے بہتر ہوتا ہے لیکن کھانے کے فوری بعد پانی پینا صحت کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔
کھانے کے فوری بعد پانی پینے سے آپ کے جسم میں گیسٹرک جوس اور انزائمز کی مقدار کم ہو جاتی ہے جس سے تیزابیت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ اسی طرح کھانے کے فوری بعد کافی اور چائے کا استعمال آئرن کو ہضم کرنے میں دشواری پیدا کرتا ہے۔