(24نیوز)چین نے خبردار کیا ہے کہ آسٹریلیا جان بوجھ کر دو طرفہ تعلقات کو خراب کر رہا ہے، اگر چین کو دشمن بنایا جائے گا تو چین دشمن بن جائے گا۔
چین کے سرکاری عہدیدار کی جانب سے آسٹریلیا میں دی گئی پریس بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ اگر آسٹریلیا فہرست میں شامل پالیسیوں سے پیچھے ہٹ جاتا ہے تو یہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر ماحول کے لیے موزوں ہو گا۔کینبرا میں چینی سفارتخانے نے اہم معاملات پر آسٹریلیوی حکومت کے بدلے ہوئے موقف کو ظاہرکرنے کے لیے 14 الزامات پر مشتمل ڈوزیئر آسٹریلوی میڈیا کے حوالے بھی کیا ہے۔چینی عہدیدار نے خبردار کیا کہ چین کو دشمن بنایا جائے گا تو چین دشمن بن جائےگا جب کہ آسٹریلیا نے چین کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں آسٹریلوی وزیراعظم نے دنیا بھر میں پھیلتے کورونا وائرس کی صورتحال پر تشویش کاا اظہار کرتے ہوئے اس کا ملبہ چین پر ڈالنے کی کوشش کی ہے جس کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ کی کیفیت دیکھنے میں آرہی ہے۔