(24نیوز )کورونا وائرس کی دوسری لہر کی روک تھام کیلئے اندرون ملک جانے والی تمام پروازوں میں کھانے اور مشروبات پر پابندی عائد کردی گئی۔سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یہ فیصلہ این سی او سی کی خصوصی ہدایت پرکیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق،اندرون ملک آنے اور جانے والی تمام پروازوں میں کھانے پینے سمیت کوئی بھی میلز فراہم نہیں کی جائے گی۔یہ اقدام کورونا وائرس سے مسافروں کو محفوظ رکھنے کے لئے کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر مسافروں کو اس وبا سےمحفوظ رکھنے کیلئے مزید اقدامات کرلیے ہیں۔اس سلسلے میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن این سی او سی کی خصوصی ہدایت پر اندرون ملک جانے والی تمام پروازوں میں کھانے اور مشروبات کی فراہمی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
سول ایوی ایشن کے مطابق دوران پرواز مسافروں کو کھانے پینے سمیت کوئی بھی میلز فراہم نہیں کی جائے گی، مزید یہ کہ اس قانون پر پی آئی اے سمیت تمام نجی ایئرلائنز اور چارٹرڈ پروازیں مکمل طور پر عملدرآمد کریں گی۔سی اے اے کے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے باضابطہ طور پر اس پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں ہدایت دی گئی ہے کہ تمام ایئرپورٹس منیجر اور اے ایس ایف حکام اس پر سختی سے عملدرآمد کرائیں گے۔اس کے علاوہ پروازوں کے عملے اور مسافروں کو فیس ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال بھی لازمی قرار دیا گیا ہے، تمام ایئرلائن اپنی پروازوں میں مسافروں کے ماسک کا استعمال لازمی استعمال کرائیں۔سی اے اے کے مطابق تمام ایئرلائنیں اپنی پروازوں میں کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کروانے کی پابند ہوں گی۔