(24 نیوز)بلوچ نوجوان ڈیڑھ سو میٹر لمبا قومی پرچم پیدل لے کر اسلام آباد پہنچ گئے، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے استقبال کیا اور کہا بلوچستان کے نوجوان پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیر سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سے دو نوجوان پیدل قومی پرچم لے کر اسلام آباد پہنچ گئے، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے پارلیمنٹ ہاوس پہنچنے پر نوجوانوں کا استقبال کیا اور 50 سے زائد افراد کے ہمراہ قومی پرچم تھاما، ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ کوئٹہ سے دو نوجوان ڈیڑھ سو میٹر قومی پرچم کے کر اسلام آباد پہنچے ہیں، مختلف شہروں سے ہوکر یہاں پہنچنے والے نوجوان کشمیر تک جائیں گے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیر سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔
قومی پرچم لانے والے نوجوانوں نے کہا کہ محبت مارچ سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملائیں گے، اس پرچم تلے ہم سب ایک ہیں کوئی علاقائی صوبائی لسانی تفریق نہیں ہے۔