(24نیوز)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ملتان میں ہونیوالے پی ڈی ایم کے جلسے میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذاتی رنج و غم اپنی جگہ عوام کی خاطرمیرا میدان میں رہنا ضروری ہے اس لئے ملتان جلسے میںضرور جاﺅں گی۔
جاتی امرا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ میرے خیال کے مطابق ملکی حالات بہت خراب ہیں اور ان حالات میں حکومت کا رہنا ملکی مفاد میں نہیں اب اس حکومت کا جانا ہی بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہبازقائدنواز شریف سے وفاداری کی سزا کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ گیس کا بحران آنیوالا ہے،بجلی کی قیمتیں اتنی بڑھ چکی ہیں کہ بل اب لاکھوں میں آنے لگے ہیں،نیازی حکومت کشمیر کا مقدمہ ہار چکی اور اس حکومت میں اب اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہاملکی حالات کی سمت دیکھ کر عدلیہ بھی پریشان ہے اب جج صاحبان بھی بولنے پر مجبوبر ہو گئے ہیں،مریم نے مزید کہا کہ عمران خان کے کہتے ہیں کہ ان کے بہنوئی کے پلاٹ پر قبضہ ہے،کوئی انہیں بتائے ایسی باتیں ٹی وی پر نہیں کرتے سبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔عمران خان نے تو اپنے سلیکٹرز کی مٹی بھی پلید کردی ہے اب عوام عمران خان کو الزام کے قابل بھی نہیں سمجھتے بلکہ وہ عمران کے بڑوں کو الزام دیتے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب میں جیل بھی تھی تو مجھے مضر صحت کھانا دیا جاتا تھا، مجھے تھرائیڈ کا مسئلہ تھا جہاں مجھے ادویات بھی صحیح نہیں دی جاتی تھیں، فنگس زدہ ادویات کھانے پر مجبور تھی ۔
ذاتی غم اپنی جگہ۔مریم نواز کا ملتان جلسے میں شرکت کا اعلان
Nov 26, 2020 | 19:07:PM