(24 نیوز)مولانا عادل قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، حساس ادارے نے 2 مبینہ دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق دونوں دہشت گردوں سے مولانا عادل پر حملے کی تفتیش جاری ہے، دونوں دہشت گردوں سے ریکی کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ 10 اکتوبرکو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں واقع شمع شاپنگ سینٹر کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ڈبل کیبن گاڑی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل خان اور ڈرائیور مقصود احمد زخمی ہوئے تھے۔بعد ازاں مولانا عادل اور ان کے ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے تھے۔
مولانا عادل اور ڈرائیور کے قتل کی تحقیقات کے لیے پولیس کے اعلیٰ افسران پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی تھی، 4 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کا سربراہ کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کو بنایا گیا تھا، دیگر افسران میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد، ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی کورنگی شامل ہیں۔