(24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے راولپنڈی میں آج بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا، جس میں شرکت کیلیے ملک بھر سے کارکنان قافلوں کی صورت پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو 26 نکات پر جلسے کی اجازت دی جس کے مطابق پی ٹی آئی کو رات بارہ بجے سے پہلے جلسہ گاہ کو خالی کرنا ہوگا۔
پی ٹی آئی لانگ مارچ، ٹریفک پلان
پی ٹی آئی لانگ مارچ کی وجہ سے مری روڈ مکمل طور پر ٹریفک کے لیے بند ہے۔ فیض آباد بس سٹینڈ بھی مکمل طورپر بند رہے گا۔ روات ٹی کراس سے ٹریفک اسلام آباد میں داخل ہو سکتی ہے، روات ٹی چوک سے اسلام کی صرف ایک سائیڈ کھلی ہے۔
اسلام آباد ایکسپریس وے سے راولپنڈی کے لیے پرانی ایئرپورٹ روڈ استعمال کریں۔ ایکسپریس وے سے پرانے ایئرپورٹ کی شاہراہ یکطرفہ ٹریفک کھلی ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے پر کورال سٹاپ پر بند ہے۔ اسلام آباد ہائی وے کے لیے فیض آباد پل نیچے سے کھلا ہے۔
راول ڈیم سے آنے والی ٹریفک کے لیے فیض آباد پل اوپر سے بند ہے۔ فیض آباد مری روڈ راولپنڈی کے داخلی راستے سے بند ہے۔ آئی جے پی روڈ، مری روڈ اور راولپنڈی کے لیے فیض آباد کے تمام راستے بند ہیں۔ نائنتھ ایونیو فیض آباد، آئے جے پی کی طرف سے بند کر دی گئی ہے۔
چھبیس نمبر چونگی سے ٹریفک کے لیے شاہراہیں کھلی ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ اور موٹر وے ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔ مری روڈ راولپنڈی کی طرف ٹریفک کے دونوں اطراف کے لیے فیض آباد میں متبادل روٹ ہے۔ متبادل طور پر ٹریفک کو اسلام آباد ایکسپریس وے کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔ ایکسپریس چوک اور نادرا چوک سے ریڈ زون کے داخلی اور خارجی راستے بند ہیں۔
ریڈ زون جانے کے لیے مارگلہ روڈ اور ایوب چوک کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سرینا چوک سے ریڈ زون داخلہ کے لیے یکطرفہ روڈ کھلا ہے۔ فیض آباد بس ٹرمینل ٹریفک کے لیے بند ہے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے فیض آباد اور زیرو پوائنٹ پر کنٹینرز پہنچا دئیے۔ جہاں انہوں نے زیرو پوائنٹ اور فیض آباد کو جزوی طور پر بند کر دیا۔
حکام کے مطابق فیض آباد اور زیرو پوائنٹ کو مری روڈ سے اسلام آباد داخلے کے لیے بند کیا جا رہا ہے۔ کشمیر چوک سے ریڈ زون، شہر کی جانب داخلے کو بھی جزوی طور پر بند کریں گے۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب شہر کے ریڈ زون کو سیل کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد کے لیے 26 نمبر پوائنٹ اور کورال چوک سے داخلے کو بھی جزوی طور پر بند کیا جا رہا ہے۔
تعلیمی سرگرمیاں متاثر
ادھر پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث تعلیمی سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، موجودہ صورتحال کے پیش نظر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے راولپنڈی اور اسلام آباد میں آج ہونیوالے پیپرملتوی کر دیئے گئے، سمسٹر بہار کے آج ہونے والے پرچے نہیں ہوں گے۔ انتطامیہ کے مطابق ملتوی ہونے والے پیپر 14 دسمبر کو لئے جائیں گے۔