عمران خان کو بلٹ پروف جیکٹ استعمال کرنے کا مشورہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) لاہور پولیس نے عمران خان کو بلٹ پروف جیکٹ اور بلٹ پروف روسٹرم استعمال کرنے کا مشورہ دے دیا۔ لاہورپولیس نے پی ٹی آئی قیادت کو تحریری طور پر سکیورٹی ہدایات سے آگاہ کر دیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے ہدایات تحریری طور پر ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کے حوالے کر دیں۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ وی آئی پی کی سیکورٹی کے لئے ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، عمران خان بلٹ پروف جیکٹ بھی لازماً استعمال کریں۔
کسی عوامی مقام پر عمران خان گاڑی سے باہر نہ نکلیں، روایت کے برعکس عمران خان کی نقل و حرکت کو خفیہ رکھا جائے، مجوزہ گاڑی، پیدل روٹ کے علاوہ راستہ استعمال نہ کیا جائے، وی آئی پی سیکورٹی افسر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ میں رہ کر نقل و حرکت کریں۔، وی آئی پی کی گاڑی کی پارکنگ الگ اور مخصوص ہوگی۔
ذرائع کے مطابق سٹیج پر شرکاء کی فہرست پہلے سے انتظامیہ کو فراہم کی جائے، فہرست کے علاؤہ کوئی بھی سٹیج پر نہیں جا سکے گا، سٹیج پر نقل و حرکت محدود رکھی جائے، جلسہ گاہ، مارچ میں کوئی مسلح پرائیویٹ گارڈ، گن مین نہیں ہوگا، عمران خان کسی مقام پر عوام سے ملاقات نہیں کریں گے۔
تمام شرکاء مجوزہ مقام سے مکمل چیکنگ کے بعد ہی داخل ہو سکیں گے۔ ڈرون کیمرہ کے استعمال، آتش بازی پر مکمل پابندی ہوگی۔ خواتین کے لئے الگ اور مناسب جگہ مختص کی جائے۔ کارکنوں کو کسی عمارت کی چھت پر چڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔