گوگل ایپلی کیشن کی بندش کا معاملہ، امین الحق نے اسحاق ڈار کو خط لکھ دیا

Nov 26, 2022 | 14:40:PM

 (24 نیوز) گوگل ایپلی کیشن کی بندش کے معاملے پر وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو خط ارسال کر دیا۔

وفاقی وزیر امین الحق نے خط میں تحریر کیا کہ کچھ روز قبل تمام ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے وزارت آئی ٹی کو خط لکھا گیا تھا، خط میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے گوگل کو ادائیگی روکنے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا تھا، معاملے کی سنگینی پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کو مراسلہ لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

خط میں کہا گیا کہ ٹیلی کام انڈسٹری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے، اس طرح کے فیصلے معاملات مزید خراب کرسکتے ہیں، اسٹیٹ بینک کی جانب سے ادائیگی روکنے سے پاکستان میں پیڈ گوگل ایپلی کیشن سروسز معطل ہوجائیں گی، فری گوگل ایپلی کیشنز کی سروسز برقرار رہیں گی۔

وفاقی وزیر نے خط میں کہا کہ بین الاقوامی اداروں کو ادائیگی روکنے کا عمل پاکستان کی ساکھ متاثر کرسکتا ہے، پیڈ ایپلی کیشنز استعمال کرنے والے افراد و شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، وزیر خزانہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسٹیٹ بینک کو ادائیگی جاری رکھنے کی ہدایت کریں، ضروری ہے کہ مستقبل میں آئی ٹی و ٹیلی کام کے حوالے سے فیصلوں میں وزارت کی مشاورت لازمی شامل کی جائے۔

مزیدخبریں