(24 نیوز)جماعت اسلامی کے زیر اہتمام دو روزہ خوشحال پاکستان روڈ کارواں کا آغاز وہوا ضلع ڈی جی خان سے ہو گیا ،روڈ کارواں کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کر رہے ہیں ۔سراج الحق نے کہا ہے کہ مافیاز کی سیاست ختم کرنا ہو گی یہاں کیوں کوئی غریب کا بچہ قومی اسمبلی کا ممبر نہیں بن سکتا ہے۔
سراج الحق کا وہوا پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا استقبال میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے لوگ شامل تھے، بڑی تعداد میں لوگ روایتی اندازہ میں گھوڑوں پر سوار تھے،نوجوانوں کی بڑی تعداد موٹر سائیکلوں پر سوار تھی،اس موقع پر جنوبی پنجاب کے امیر راؤ ظفر اور سیکرٹری جنرل جنوبی پنجاب صہیب عمار صدیقی بھی ساتھ موجو تھے ۔
استقبالیہ ریلی میں سینکڑوں گاڑیوں پر مشتمل یہ کارواں جب وہوا پہنچا تو پر جوش نعروں سے استقبال کیا گیا ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وہوا میں جلسہ عام سے خطاب کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مافیاز کی سیاست ختم کرنا ہو گی یہاں کیوں کوئی غریب کا بچہ قومی اسمبلی کا ممبر نہیں بن سکتا ہے،ہمیشہ کوئی سردار بنے گا ہمیشہ جاگیردار بنے گا کیا ہمیشہ کوئی امریکی یار بنے گا ؟؟پاکستان میں سالانہ پانچ ہزار ارب روپے کرپشن ہوتی ہے یہ کرپشن کوئی عام آدمی نہیں کرتا یہ کرپشن یہی حکمران طبقہ کرتا ہے۔
ضرور پڑھیں:’بلے‘کے نشان کو بچانے کیلئے پی ٹی آئی کے بانی رکن میدان میں آگئے
انہوں نے حکمران پارٹیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لیڈر مسجد اقصیٰ کی آزادی میں خاموش رہے جو لیڈر کشمیر کی جدوجہد میں غیر جانبدار رہے جو لیڈر ڈاکٹر عافیہ کی واپسی کے لیے ایک لفظ نہ بولے کیا ایسے لیڈروں کا ساتھ دے کر آپ اپنی آخرت بھی تباہ کرنا چاہتے ہیں یہ امریکی غلام ہیں اور بزدل ہیں ۔
کیا مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے لیڈر مسلمان اور پاکستانی نہیں ہیں ؟ کیا انہوں نے فلسطین کے لیے اظہار ہمدردی کے لیے کوئی احتجاج کیا ؟ کیا انہوں نے امریکہ اور اسرائیل کی مذمت کے لیے کوئی ملین مارچ کیا؟
سراج الحق نے کہا کہ گذشتہ 75 سالوں میں عوام نے جرنیلوں اور ان حکمران پارٹیوں کی حکومتوں دیکھ لیا لیکن کوئی بھی اس ملک اور عوام کی حالت کو بہتر نہیں کر سکا آج بھی عوام کا مہنگائی ، بے روزگاری اور کرپشن کی وجہ سے زندگی گزارنا دشوار ہو گیا ہے، بجلی کے بل ہوں یا گیس اور پیٹرول کی قیمتیں سب آسمان سے باتیں کر رہی ہیں عام آدمی اپنے بچوں کو دو وقت کا کھانا کھلانے سے قاصر ہے۔
جماعت اسلامی کی حکومت آئے گی تو عوام کی خوشحالی کے سفر کا آغاز ہو گا ،رتیڑہ میں بھی عوام نے کارواں کا بھرپور استقبال کیا ،امیر جماعت اسلامی سراج الحق آج تونسہ اور ڈی جی خان شہر میں بڑے جلسوں سے خطاب کریں گے۔