(24نیوز )اسلام آباد میں جاری سیاسی کشیدگی بڑھنے کے منفی اثرات کے نتیجے میں پاکستان سٹاک مارکیٹ ( پی ایس ایکس) کریش کرگئی، منگل کو کاروبار کے اختتامی لمحات میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں 3800 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
آج صبح سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ۔ جس کے نتیجے میں ایک موقع پر 100 انڈیکس 97361 پوائنٹس کی کم ترین سطح پر آگیا، بعد ازاں بینکنگ سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی واپس آگئی ۔
صبح 11 بج کر 15 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1642 پوائنٹس یا 1.68 فیصد اضافے سے 99722.66 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا تاہم دوپہر 12 بج کر 35 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 2281 پوائنٹس یا 2.33 فیصد کی کمی سے 95797.90 پوائنٹس پر آگیا۔ بعدازاں مزید فروخت کے دباؤ سے 100 انڈیکس سیشن کے اختتام سے کچھ دیر قبل 95,500 پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔
دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر انڈیکس 2,908.69 پوائنٹس یا 2.97 فیصد کی کمی سے 95,171.09 پوائنٹس پر دیکھا گیا جبکہ مارکیٹ کے اختتامی اوقات میں ایک موقع پر 100 انڈیکس میں 3800 پوائنٹس کی کمی سے 94200 کی سطح پر دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں یہ غیر مستحکم صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں اور اسلام آباد میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ اس دوران شر پسند عناصر کی جانب سے ایک تیز رفتار گاڑی رینجرز اہلکاروں پر چڑھادی گئی تھی جس کے نتیجے میں رینجرز کے 4 جوان شہید بھی ہوئے اور وفاقی دارالحکومت میں پاک فوج کو طلب کرلیا گیا تھا، شر پسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکام بھی جاری کیے گئے تھے۔