(24نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے کہا کہ ریاست سے لڑنا ناممکن ہے، ریاست نے ان کی ہر کال کو ناکام بناکر دکھایا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چودھری نے ایک بیان میں پاکستان تحریک انصاف پرتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس ہی ہوتا ہے کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے کن کو ووٹ دیدیا، بغاوت کا اعلان چاہے جو بھی کرے کامیاب نہیں ہونے دی جاسکتی،انہوں نے کہا کہ اہم ترین دوست ملک وفد سمیت سرمایہ کاری کیلئے آیا ہوا ہے، بیلاروس ملین ڈالرز پاکستان میں لگانا چاہتا ہے، چین،سعودی عرب اوردوسرے وفود پاکستان آئے ہوں تو یہ یلغار کرتے ہیں، ریاست سے لڑنا ناممکن ہے، ریاست نے ان کی ہر کال کو ناکام بناکر دکھایا ہے۔
طلال چودھری کاکہنا تھا کہ جتھے چند ہزار لوگوں سمیت کسی کو بھی رہا کرالیں یہ روایت نہیں ڈالی جاسکتی، بانی پی ٹی آئی اوران کی پارٹی کی اب وہ اہمیت نہیں رہی، بانی پی ٹی آئی اپنی ذات نہیں پاکستان کا مفاد سامنے رکھیں، یہ جو مرضی کرلیں این آر او نہیں ملے گا،نہیں ملے گا،نہیں ملے گا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت ان کا مقصد پورا نہیں ہونے دے گی، یہ لاشیں چاہتے ہیں، ان کی تمام ڈیڈ لائنز ناکام ہوئی ہیں، پی ٹی آئی کی آخری کال بھی ناکام ہوئی، تین صوبے بالکل خاموش ہیں ،پتہ ہی نہیں کہ کوئی احتجاج ہورہا ہے، ایک صوبہ تمام سرکاری وسائل کے ساتھ لشکر کشی کررہا ہے، حکومت چاہتی ہے مزید لاشیں نہ گریں۔