(24نیوز)آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی گٹارسٹ موہنی ڈے نے شوہر سے طلاق کا تعلق اے آر رحمان سے ہونے کی افواہوں پر شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
موہنی ڈے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ میرے پاس ایسی بہت سی شخصیات ہیں جو میرے لیے والد کا درجہ رکھتی ہیں جو میری زندگی میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں، میں واقعی خوش قسمت اور شکر گزار ہوں کہ انہوں نے میری پرورش میں اہم کردار ادا کیا اور اے آر رحمان ان میں سے ایک ہیں جن کی میں بہت عزت کرتی ہوں'۔
گٹارسٹ نے کہا اے آر رحمان بالکل میرے باپ کی طرح ہیں بلکہ وہ میرے والد سے عمر میں تھوڑے ہی چھوٹے ہوں گے، ان کی بیٹی میری عمر کی ہے، ہم لوگوں کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت اور عزت ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان اور اہلیہ کی طلاق کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی تھی جس کے کچھ گھنٹوں بعد ہی اے آر رحمان کی گروپ میں شامل گٹارسٹ موہنی ڈے نے بھی اپنے شوہر سے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین دونوں کی طلاق کو ایک دوسرے سے جوڑ رہے تھے۔