آصف زرداری ، محسن نقوی اور بلاول بھٹو کی شاہراہ سرینگر پررینجرز اہلکاروں پر حملے کی مذمت

پولیس اور رینجرز پر حملہ قابل مذمت ہے، جاں بحق سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت  کرتے ہیں،جاں بحق اہلکاروں کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کیلئے دعاگو ہیں

Nov 26, 2024 | 12:35:PM

(24نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے شاہراہ سرینگر پر رینجرز اہلکاروں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔

جاں بحق اہلکاروں کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کیلئے دعاگو ہیں: آصف علی زرداری

صدر  آصف علی زرداری نے اسلام آباد میں مظاہرین اور سکیورٹی اہلکاروں کے مابین تصادم میں قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار  کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور رینجرز پر حملہ قابل مذمت ہے، جاں بحق سکیورٹی اہلکاروں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار تعزیت  کرتے ہیں،جاں بحق اہلکاروں کیلئے بلندی درجات، اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کیلئے دعاگو ہیں ۔

حملے میں ملوث تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا:محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سرینگر ہائی وے پر رینجرز اور پولیس کے جوانوں پر شرپسندوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ، انہوں نے شہید ہونے والے رینجرز کے 4 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کے شہید جوانوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے، شہید جوانوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران جانیں قربان کیں ،حملے میں ملوث تمام شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ حملہ آوروں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے، رینجرز کے شہید جوانوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے رینجرز اور پولیس کے زخمی جوانوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔

پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شاہراہ سرینگر پر رینجرز اہلکاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے موجود پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کاکہناتھا کہ اسلام آباد میں رینجرز اور پولیس پر حملوں میں ملوث ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، جام شہادت نوش کرنے والے رینجرز اور پولیس اہلکار قوم کےبہادر بیٹے تھے ۔

 شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں:بلاول بھٹو

بلاول بھٹو  کامزید کہنا تھاکہ شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں، پرامن احتجاج کے حق اور شرپسندی و دہشتگردی کے متعلق پیپلز پارٹی کا موقف واضح ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرے کے دوران سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی جس سے 4 رینجرز اہلکار شہید جبکہ 5 رینجرز اور 2 پولیس کے جوان شدید زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں اب تک رینجرز کے 4 جوان اور پولیس کے 2 جوان شہید ہو چکے ہیں۔
 


 

مزیدخبریں