(24نیوز)وزیراعظم عمران خان نے نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کی سمری کی منظوری دے دی اورلیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کردیا ۔نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ۔
نئے ڈی جی آئی ایس آئی کا تقرر 20 نومبر 2021ء سے ہوگا جبکہ سبکدوش ہونے والے ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔اس کے بعد جنرل فیض پشاور کور سنبھالیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 2 گھنٹے طویل ملاقات کی۔ملاقات میں موجودہ ڈی جی آئی ایس آ ئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔اس موقع پر نئے ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یاد رہے کہ6 اکتوبر کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج میں اعلی سطح پر تقرر و تبادلوں کی منظوری دیدی تھی جس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا تھا اور لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا تھا۔ ایڈجوٹننٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیا گیا تھا، جبکہ کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کیا گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو کور کمانڈرکراچی تعینات کیا گیا تھا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی تعینات کیے گئے تھے۔ میجرجنرل عاصم ملک کی لیفٹیننٹ جنرل کےعہدے پر ترقی ہوئی تھی جس کے بعد انہیں پاک فوج کے ایڈجوٹنٹ جنرل تعینات کر دیا گیا تھا۔
لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم نے پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن حاصل کیا، لیفٹننٹ جنرل ندیم انجم کمانڈ، سٹاف اور انسٹرکچرل عہدوں پر فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔
انہوں نے کمبائنڈ آرمرز سینٹر برطانیہ سے گریجویشن کی، کنگز کالج لندن اور این ڈی یو سے ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ وہ مغربی سرحد، لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بلوچستان میں کمانڈ کر چکے ہیں، وہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں۔
وہ آپریشن ضرب عضب کے دوران اس وقت کے قبائلی علاقے کُرم ایجنسی اور خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کی کمانڈ کر چکے ہیں، وہ ردالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان بھی رہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت ٹاکرا۔۔ ثانیہ مرزا نے بھی خاموشی توڑ دی