(24نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے کہا کہ عمران خان کا ارشد شریف کو ملک سے جانے کا کہنا قابل تفتیش بات ہے جس کی تحقیقات ہونا ضروری ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی ملک احمد خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عمران خان مان چکے ہیں کہ انہوں نے ارشد شریف کو ملک سےباہر جانے کیلئے کہا مگر یہ بات قابل تحقیق ہے کہ عمران خان نے کس کے کہنے پر ارشد شریف کو ملک سے باہر جانے کا کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے ملک چھوڑنے کے حوالے سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں جن کی تحقیق ہونا ضروری ہے اور حکومت ارشد شریف کی وفات سے متعلق حقائق سامنے لانا چاہتی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ارشد شریف کے معاملے کو سیاست کیلئے استعمال نہیں کرنا چاہیے اور اداروں پر بے بنیاد الزامات لگانا درست نہیں اور ارشد شریف کی وفات کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی اپنے مذموم مقاصد کیلئے ملک کو یرغمال نہیں بنا سکتا۔
مرحوم ارشد شریف کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ارشد شریف ایک قد آور صحافی تھے ، ان کی وفات پر ہم سب کو دکھ ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم مرحوم ارشد شریف کے خاندان کے ساتھ ہیں۔ارشد شریف کی وفات کے حوالے سے کینیا کی پولیس اپنا مؤقف دے چکی ہےتاہم حکومت تمام عوامل کی مکمل تحقیقات کو ضراری سمجھتی ہے۔