(24 نیوز) افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے نائیک سیف علی جنجوعہ شہید نشان حیدر کے 75 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نائیک سیف علی جنجوعہ نے 1948 کی کشمیر جنگ کے دوران بھارتی فوج کے لگاتار حملوں کیخلاف پیرکلیوہ پہاڑی کا بہادری سے دفاع کیا۔ آپ کی جدوجہد اور قربانی اُن لوگوں کیلئے روشن مثال ہے، جو دفاعِ وطن کیلئے کوشاں ہیں۔
بِلا شُبہ نائیک سیف علی جنجوعہ کا یومِ شہادت افواج پاکستان کی مادر وطن کیلئے دی جانے والی قربانیوں کا مظہر ہے، پاکستان کے یہ درخشندہ ستارے جنہوں نے ملک کی آبرو کیلئے اپنی جان نچھاور کی بِلاشُبہ عزت و تکریم کے مستحق ہیں اور پوری قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔