(24نیوز) 25 اکتوبر کو مزید 4 ہزار239 افغان باشندے اپنے ملک واپس چلے گئے، واپس جانے والے افغان شہریوں میں 965 مرد، 852 خواتین اور 2422 بچے شامل ،نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر قانونی مقیم افراد کے انخلا کیلئے عارضی کیمپ قائم کردئیے گئے ہیں،غیر قانونی پاکستانی شناخت رکھنے والوں کو جیل بھیجا جائے گا ،31اکتوبر کے بعد غیر قانونی مقیم افراد کیساتھ سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم افراد کی معاونت کرنیوالوں کیساتھ کوئی رعایت نہیں کریں گے، غیر قانونی رہائش پذیر افراد کی نشاندہی کرلی گئی ہے،ہر خاندان کو 50 ہزار سےزائد رقم لیجانے کی اجازت نہیں ہوگی،نادرا کے حاصل کردہ غیر قانونی شناختی کارڈز رکھنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ریاست کے پاس غیر قانونی افراد کا ڈیٹا موجود ہے،رضاکارانہ واپس جانے والوں کو سہولیات بھی فراہم کی جائینگی۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس،یاسمین راشد ، خدیجہ شاہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے دیے گئے الٹی میٹم کے بعد سے افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق 25 اکتوبر کو مزید 4 ہزار239 افغان باشندے اپنے ملک واپس چلے گئے، واپس جانے والے افغان شہریوں میں 965 مرد، 852 خواتین اور 2422 بچے شامل تھے۔افغانستان روانگی کیلئے 112 گاڑیوں میں 230 خاندانوں کی وطن واپسی ہوئی۔ اب تک 72 ہزار 219 افغان پناہ گزینوں کی اپنے وطن واپسی ہوچکی ہے۔
خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اپنے وطن واپسی کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو گرفتار کر کے ڈی پورٹ کیا جائے گا۔