(ویب ڈیسک)بھارت اس وقت ورلڈ کپ کھیلنے والی کرکٹ ٹیموں میں ناقابل شکست ہے،آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں ابھی تک کوئی میچ نہیں ہارا۔اگلے میچ کیلئے ناقابل شکست ٹیم کیلئے بری خبر آگئی ہے۔
کچھ روز قبل بنگلا دیش کیخلاف میچ میں انجری کا شکار ہونے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سے متعلق خبر سامنے آئی تھی کہ ہاردک تاحال مکمل فٹ نہیں ہو سکے ہیں لہٰذا ہاردک پانڈیا کی انگلینڈ کے خلاف میچ میں بھی شرکت مشکوک بتائی گئی تھی۔
اب بھارتی میڈیا پر خبریں سامنے آئی ہیں ہاردک کو معمولی چوٹ کا سامنا بھی ہے جس کے باعث بھارتی آل راؤنڈر انگلینڈ کے میچ کے ساتھ ورلڈکپ کے مزید 3 میچز میں بھی شرکت نہیں ہو سکیں گے۔میڈیکل ٹیم انھیں انجری سے مکمل صحت یابی تک گیم میں شامل ہونے کی اجازت نہیں دے سکتی، میڈیکل ٹیم کے مطابق وہ ہاردک کو جلد ہی پچ پر بھیجنے کے حوالے سے پرامید ہیں۔
ضرورپڑھیں:گلین میکس ویل نے ورلڈ کپ تاریخ کی تیز ترین سنچری بنا ڈالی
دوسری جانب بی سی سی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ ہاردک پانڈیا کا متبادل لانے کے بجائے ورلڈکپ کے اہم میچز کیلئے ہاردک کا انتظار کرنے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا انجری کے باعث اتوار کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے جبکہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان میچ 29 اکتوبر کو لکھنؤ میں شیڈولڈ ہے۔بھارت ورلڈکپ میں اب تک پانچ میچز میں فتح کے بعد پوائٹنس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔