الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے غزہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے تحت غزہ متاثرین کیلئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کر دی گئی۔ 13 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان میں غذائی اجناس، ادویات، ڈیلیوری کٹس، بے بی کٹس، ہائی جین کٹس، مچھر دانیاں اور ضرورت کی دیگر اشیاء موجود ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں یہ امدادی سامان این ڈی ایم اے (نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کی مدد سے مصر کی رفح بارڈر پہنچایا جائے گا، جس کے بعد یہ سامان غزہ پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ امدادی سامان بھجوانے کے حوالے سے این ڈی ایم اے سے مسلسل رابطے میں ہیں اور غزہ میں بھجوایا گیا امدادی سامان این ڈی ایم اے کے ایس او پیز کے مطابق مینج اور پیک کیا گیا ہے۔
سید وقاص جعفری نے کہا کہ غزہ اِس وقت شدید انسانی بحران کا شکار ہے جہاں پانی، خوراک ، طبی امداد اور ہائی جین کی اشد ضرورت ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے صورتحال خراب ہونے کے فوری بعد غزہ میں موجود بین الاقوامی رفاہی اداروں کے اشتراک سے میسر و موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا، جہاں متاثرین میں تیار کھانے، خشک راشن، ادویات، ہائی جین کٹس اور ونٹر پیکیج کی فراہمی کا کام جاری ہے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اب تک 15 کروڑ کا امدادی سامان فراہم کیا جا چکا ہے اور مزید 1 ارب روپے بھی غزہ متاثرین کیلئے مختص کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ امدادی سامان جلد از جلد متاثرین تک پہنچے، پاکستان سمیت دیگر متعلقہ ممالک سے ہماری اپیل ہے سامان کی ترسیل میں اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کریں تاکہ معصوم بچوں، خواتین سمیت عام شہریوں کی جانیں بچائی جاسکیں۔