(ویب ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار نعمان اعجاز کا کہنا ہے کہ کاش لوگ دل کے زخم کو محسوس کر پاتے۔
نعمان اعجاز نے سوشل میڈیا پر فلسطین کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت کرنے والوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ضروری نہیں کہ جو سوشل میڈیا پر اسٹیٹس لگائے صرف وہی فلسطین کے غم میں شریک ہے، کاش لوگ دل کے زخم کو محسوس کر پاتے، لیکن کہاں، ہمیں تو اشتہار بازی پسند ہے، براہِ کرم لوگوں کو جج کرنا چھوڑیں۔
اداکار کا اظہار رائے کرنا تھا کہ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے تنقیدوں کے نشتر کا رُخ نعمان اعجاز کی جانب کر دیا اور کہا کہ براہِ کرم آپ بھی انہیں جج نہ کریں جو اسٹیٹس لگا کر آگاہی پھیلا رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ مغربی میڈیا غلط معلومات پھیلا رہا ہے ایسے میں اثر و رسوخ رکھنے والے افراد اسٹیٹس اور پوسٹس شیئر کر کے اپنے فالوورز کو حقیقت سے آگاہ کر رہے ہیں جو میڈیا چھپا رہا ہے، ایسے وقت میں کم سے کم ہم اتنا تو کر ہی سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمت میں 100 روپے تک کی کمی؟
خیال رہے کہ غزہ پر ہونے والی اسرائیلی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں اب تک 6 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین و بچوں کی ہے،اسرائیل کے اس ظالمانہ اقدام کی دنیا بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کھل کر مذمت کر رہے ہیں۔